اسلام آبا د(جنگ رپورٹر)عدالت عظمیٰ میںʼʼ نیو مری کے مجوزہ منصوبہ سے ماحولیات کو پہنچنے والے ممکنہ نقصانات اور مری کے ماسٹر پلان کی خلاف ورزی ʼʼکے حوالے سے کیس کی سماعت کے دورا ن جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیئے ہیں مری میں ہاسنگ سوسائٹیوں کے قیام سے ماحول پر منفی اثر ات مرتب ہو رہے ہیں ،جس سے مری کا قدرتی حسن قائم نہیں رہے گا،جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں جسٹس مقبول باقر اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل بنچ نےپیر کے روز کیس کی سماعت کی تو ایک مسول علیہ ،نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے وکیل بیرسٹر اعتزاز احسن نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کا مری میں ہائوسنگ سوسائٹی کے قیام کا منصوبہ نجی اراضی پر واقع ہے،ہم کسی سرکاری یا محکمہ جنگلات کی اراضی استعمال نہیں کر رہے ہیں، قانون کسی کوبھی اس کی ذاتی اراضی پر تعمیرات سے نہیں روکتا ہے ، اگر حکومت کسی کو اس کی اراضی پر تعمیرات سے روکنا مقصود ہو تو اس کی اراضی کے بدلے میں اسے معاوضہ یا اراضی دی جاتی ہے۔