اسلام آباد(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء سینٹر میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ بجٹ جلد منظور نہ کیا جائے، آئین کے تحت نگران حکومت چار ماہ تک اخراجات کرسکتی ہے ، بجٹ کی منظوری نئی پارلیمنٹ دیگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انجینئرڈ سیاسی ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، قومی جماعتوں کی توڑ پھوڑ ملکی مفاد میں نہیں اس سے وفاق کو نقصان ہوگا۔ منگل کو سینیٹ اجلاس میں یوم آئین کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کو رول بیک کرنے، علاقائی جماعتیں بنانے اور قومی جماعتوں کو توڑنے سے وفاق کو نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کو رول بیک کیا گیا تو اس سے خدانخواستہ وفاق کا شیرازہ بکھرنے کا خدشہ ہے۔ اس دلدل سے نکلنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ آئین کے تحت تمام ادارے اپنے دائرہ میں رہ کر کام کریں اور صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائیں تاکہ عوام کے حقیقی نمائندوں کو اقتدار منتقل ہو سکے۔