• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لانگ شرٹ ٹرینڈ ایک بار پھر مقبول ہونے کو تیار

لانگ شرٹ ٹرینڈ ایک بار پھر مقبول ہونے کو تیار

فیشن کبھی ایک سا نہیں رہتا اور جو ہر سال ایک سا رہے وہ فیشن نہیں ہوتا گزشتہ سال کا آغاز جہاں خواتین کے لئے لانگ شرٹ کے بجائے میڈیم شرٹ ود سگریٹ پینٹس ، شارٹ شرٹ ود غرارہ یا ٹراؤزر کا فیشن لایا وہیں2018کے آغاز نے ہی خبردار کیا کہ اس سال ایک بار پھر لمبی قمیضوں کا فیشن خواتین میں مقبول ہونے جارہا ہے۔

ڈیزائنر کی جانب سے بھی موسم بہار کے ملبوسات کی تشہیر کے لئے لمبی قمیضوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ جواس بات کا غماز ہے کہ اس برس موسم گرما خواتین کے لئے ایک بار پھر لمبی قمیضوں کا ٹرینڈ لے کر واپس آیا ہے۔ 

لانگ شرٹ ٹرینڈ خواتین کے لئے کوئی نیا فیشن نہیں یہ ٹرینڈ خواتین میں 70کی دہائی میں بھی خاصا مقبول تھا ۔ لیکن نئی نسل میں لانگ شرٹ ٹرینڈ سنہ 2010ءمیں مقبول ہوا جو کئی برس تک پوری آب وتاب سے خواتین ،کم عمر لڑکیوں حتیٰ کہ بچیوں میں بھی خاصا مقبول رہا۔جس کی لمبائی 40انچ سے شروع ہو کر 56انچ تک گئی۔ 

ورکنگ وویمن ہو کالج گرلز ہو ،یا بڑی عمر کی خواتین سب اس دوران لانگ شرٹ کا انتخاب کرتی نظر آئیں۔جسے نہ صرف موسم گرما بلکہ سرد موسم ،شادی بیاہ اور عید کی تقریبات کے لئے بھی خاصا پسند کیا گیا ۔

تاہم 2017ءکی شروعات میں ڈیزائنر نے خواتین کے لئے لانگ شرٹ کے بجائے میڈیم شرٹ کا انتخاب کیا۔اور پورا سال شارٹ شرٹ کا فیشن خواتین میں سگریٹ پینٹ ،ٹراؤزر ، غرارہ کے ساتھ سر چڑھ کر بولتا رہا لیکن اس برس موسم بہار کی آمد ایک بار پھر لانگ شرٹ ٹرینڈ کی ہوا چلا چکی ہے اب شرٹ کی لمبائی پھر سے 40 سے 50انچ تک پہنچ گئی ہے۔ لانگ شرٹ ود سگریٹ پینٹ ایک بار پھر آپ کے لئے واپس آگیا ہے لہذاب شارٹ شرٹ کو الوداع کہیئے اور آپ بھی لانگ شرٹ کو اپنا نے کے لئے تیار ہوجائیے۔

لانگ شرٹ ود سگریٹ پینٹ

2018کے موسم گرما کے ملبوسات اور ان کی تشہیر کے لئے لمبی قمیضوں کے ساتھ سگریٹ پینٹس کا انتخاب کیا گیا ہے۔ جس کی لمبائی 45 انچ سے بھی زیادہ ہے اور ان ملبوسات کے لئے لان فیبرک پر بلاک پرنٹ کو منتخب کیا گیا ہے۔شام کی چھوٹی موٹی تقریبات کے لئے جمالیاتی رنگوں کا انتخاب موسم بہار کے ملبوسات کو مزید پر اثر بنانے کے لئے کافی ہے۔

لانگ شرٹ ود فرنگ سلیوز

چست اور لمبی قمیضیں کے ساتھ جھالر والی آستینیں ملک کے نامور اور بے حد پسند کئے جانے والے برانڈ کا انتخاب ہے۔ جھالر والی آستینیں موسم گرما کے لئے بہترین سمجھی جاتی ہیں۔ اس اسٹائل کو چوڑی دار پاجامے کے علاوہ پلازو پینٹ کے ساتھ بھی بآسانی پہنا جاسکتا ہے یہ نیا ٹرینڈ ہے جسے پسندیدگی کی نظر سے دیکھاجارہا ہے ۔ قمیض جھالر والی آستینوں کے ساتھ سلوائی جاتی ہے ۔

دنیا بھر میں جیسے جیسے وقت آگے کی جانب سفر کررہا ہے ویسے ویسے انسان کے لائف اسٹائل اور پہناوؤں میں تبدیلیاں بھی وقت کی ضرورت بنتی جارہی ہیں۔ لائف اسٹائل میں جدت آئے اور خواتین کے فیشن تبدیل نہ ہوں یہ تو ہو ہی نہیں سکتا۔ شلوار کا فیشن خواتین میں پرانا ہوچکا ہے ۔

گزشتہ برس بھی شارٹ شرٹ کے ساتھ سگریٹ پینٹ کا فیشن خواتین میں زیادہ مقبول ہوا اور اس بر س بھی لانگ شرٹ کے ساتھ چوڑی دار پاجامے، ڈھیلے لمبے ٹراوزرز،سگریٹ پینٹ خواتین اور لڑکیوں میں فیشن 'ٹرینڈبن رہے ہیں۔

لانگ شرٹ ود پلازو

ایک وقت تھا کہ چوڑی دار اور غرارے اسٹائل وغیرہ کا تصور نانی دادیوں کے لئے عام تھا چونکہ بزرگ خواتین کے لئے چوڑی دارپاجامے اورغراروں کااسٹائل پہننا 'خاندانی روایات کا حصہ سمجھا جاتا تھا مگر آج کل ان پاجاموں کو نئے نام دے کر جدید فیشن کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔اور اس برس لانگ شرٹ کے لئےبھی پلازو کا انتخاب کیا گیا ہے۔یہ ایک مکمل لباس ہے جو نہ صرف سہولت بخش بلکہ آرام دہ بھی ہے، یہ دیکھنے میں اچھا لگتا ہے ۔ 

اس پہناوے کو صرف عید اور چھوٹی موٹی تقریبات کے بجائےشادی بیاہ جیسی تقاریب میں بھی زیب تن کیا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین