• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کامن ویلتھ ہاکی، ناقابل شکست پاکستان کی ساتویں پوزیشن

گولڈ کوسٹ (نمائندہ خصوصی) کامن ویلتھ گیمز میں فتح سے مایوس پاکستانی ہا کی ٹیم نے جمعے کو جیت کا ذائقہ چکھ لیا، اس کامیابی کے ساتھ ہی گرین شرٹس ہاکی ایونٹ میں شریک دس ٹیموں میں ساتویں پوزیشن لینے میں کام یاب ہوگئے۔ ایونٹ میں گروپ کے چاروں میچ برابر کھیلنے والی پاکستانی ٹیم کو واحد فتح کینیڈا کے خلاف ملی۔ چھٹی، ساتویں پوزیشن کے لئے کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے1- 3سے فتح حاصل کی۔ کینیڈا نے پہلے منٹ میں جیمز کرک پیٹرک کے گول سے برتری حاصل کی جسے ارسلان قادر نے 34 ویں منٹ میں فیلڈ گول کے ذریعے برابر کر دیا۔ 40ویں منٹ میں پاکستان ٹیم نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے برتری حاصل کرلی، یہ گول پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ مبشر علی نے کیا۔ کھیل ختم ہونے سے صرف 3منٹ قبل عرفان جونیئر نے تیسرا گول کر کے پاکستان ٹیم کی فتح پر مہر ثبت کی۔ پاکستانی کھلاڑی میچ میں جیت کے جذبے سے کھیلتے ہوئے دکھائی دئیے،انہوں نے حریف کو بے بس رکھا اور ان کے گول پر دبائو مستقل قائم رکھا۔ پاکستان کے کھلاڑی میچ میں جیت کے بعد سرخرو میدان سے باہر نکلنے پر خوش نظر آئے۔ جمعے کو دیگر پوزیشن میچز میں ملائیشیا نے اسکاٹ لینڈ کو ہراکر پانچویں اور ویلز نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر نویں پوزیشن حاصل کی۔ دریں اثنا ہاکی ٹورنامنٹ میں میزبان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے مردوں اور خواتین کے فائنلز میں رسائی حاصل کر لی۔ مردوں کے سیمی فائنلز میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 3-2 جبکہ آسٹریلیا نے انگلینڈ کو2-1 سے مات دی۔ فائنل ہفتے کو کھیلا جائے گا۔
تازہ ترین