برلن (نیوز ایجنسیز) فیڈکپ ٹینس ٹورنامنٹ میں ورلڈ گروپ کے پہلے مرحلے کے ابتدائی روز جرمنی اور سوئٹزرلینڈ کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 سے برابر رہا۔ برلن میں شروع ہونے والی ٹائی کے پہلے سنگل مقابلے میں سوئس پلیئر بیلنڈا بینسچ نے حریف جرمن پلیئر آندریا پیٹکووچ کو ہرا کر ٹیم کو برتری دلائی لیکن ویمنز سنگل مقابلے میں جرمنی کی اینجلیق کربر نے سوئس پلیئر کو ہرا کر مقابلہ برابر کر دیا۔دریں اثنا ہوائی میں جاری مقابلے میں وینس ولیمز اور سلونی اسٹیفنز نے امریکا کو پولینڈ کے خلاف 2-0 کی برتری دلا دی۔ پہلے میچ میں سابق عالمی نمبر ایک امریکا کی وینس ولیمز نے پولش حریف پیلوا کانیا کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی، ان کی جیت کا اسکور 7-5 اور 6-2 رہا۔ دوسرے میچ میں سلونی اسٹیفنز نے میگڈا لینٹ کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 6-2 اور 6-4 سے زیر کیا۔ امریکا کو ورلڈ گروپ ٹو کے سیمی فائنل میں جگہ حاصل کرنے کےلئے ایک میچ اور جیتنا ہوگا۔علاوہ ازیں نیدرلینڈ نے فیڈ کپ ورلڈ گروپ میں فیورٹ اور گذشتہ برس کی فائنلسٹ ٹیم روس کے خلاف 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرکے تہلکہ مچادیا۔ روسی ٹیم ٹاپ اسٹار ماریہ شراپووا کے بغیر کورٹ میں اتری ۔ اسے سویتلانا کزنٹسووا سمیت دیگر ٹاپ پلیئرز کی خدمات حاصل تھیں جبکہ ڈچ ٹیم میں کوئی بھی ایسی پلیئر شامل نہیں جو عالمی رینکنگ میں ٹاپ 100 کھلاڑیوں میں موجود ہو۔