راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) نان بائیوں نے ریبیٹ ایڈجسمنٹ کے نام پر 70،70ہزار روپے اضافی سوئی گیس کے بل بھجوانے پر مری روڈ پر احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ریبیٹ ایڈجسمنٹ کے نام پر اتنے زیادہ بل بھیجنا ان کے ساتھ زیادتی ہے ۔ ہمارے ساتھ ہونے والی اس ناانصافی اور زیادتی کا ازالہ نہ کیا گیا تو ہم خود سوزیاں بھی کریں گے، چیف جسٹس آف پاکستان معاملے کا نوٹس لیں، منگل کی شام متحدہ نان بائی ویلفیئر ایسوسی ایشن راولپنڈی کے زیراہتمام نان بائیوں نے جنگ دفتر کے سامنے مری روڈ پر گیس بلو ں میں ریبیٹ ایڈجسمنٹ کے نام پر زائد بل بھجوانے پر احتجاج کیا ،مظاہرین کی قیادت نان بائی ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلٰی ملک سلیم اعوان، چیئرمین محمد ریاض ، صدر شفیق قریشی اور دیگر عہدیدار کر رہے تھے ، اس دوران بعض مظاہرین سڑک پر لیٹ گئے۔مظاہرین ایل این جی نامنظور کے نعرے بھی لگا رہے تھے ۔سرپرست اعلٰی کا کہنا تھا کہ 19اپریل کو اسلام آباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا جائے گااور اگر ہمارا مطالبہ نہ مانا گیا تو پھر ہڑتال کی کال دی جائے گی ۔