شوبز آرٹسٹس، ہر کسی کے لیے اپنی خوبصورتی اور فٹنس کے باعث باآسانی وجہ تقلید بن جاتےہیں۔بالی ووڈ کی بات کریں تو سنجے د ت کا شمار ان اولین اداکاروں میں ہوتا ہے، جنھوں نے باڈی بلڈنگ کو متعارف کرایا، تاہم باڈی بلڈنگ اور جم کو پاپولر کلچرکا حصہ بنانے کا کریڈٹ بلاشبہ بھارتی سپراسٹار سلمان خان کو جاتاہے۔
سلمان نے ناصر ف خود باڈی بلڈنگ اور فٹنس کو اپناشیوا بنایا، بلکہ آنے والے ینگ ہیروز اور ہیروئنز کو بھی انسپائر کیا اور انھیں ہر ممکن حد تک ٹریننگ بھی دی۔ رتھک روشن، ورون دھون، سوناکشی سنہا، ارجن کپور اور کئی اداکاروں کی فٹنس کے پیچھے سلمان خان کا ہاتھ ہے۔ آج ذکر کچھ ایسے ہی فٹنس Freakاداکاروں کا، جن کی فٹنس کی لوگ تقلید کرتے ہیں۔
رنویر سنگھ
رنویر سنگھ کی آخری ریلیز ہونے والی فلم ’پدماوت‘ ہے، اس فلم میں رنویر کو بھاری بھر کم وحشی دکھایا گیا ہے، اپنی اگلی ریلیز ہونے والی فلم ’گلی بوائز‘ میں وہ عام سے دبلے پتلے لڑکے کا کردار ادا کررہا ہے۔ ایک فلم سے دوسری فلم تک اپنی شخصیت میں اتنی زبردست Transformationلانا ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔ لیکن جب بات رنویر سنگھ کی ہو، تو اس ’نیو ایج‘سپراسٹار سے یہ توقع بالکل کی جاسکتی ہے۔ رنویر کا شمار اس وقت بالی ووڈ کے چند سب سے توانا اداکاروں میں ہوتا ہے۔ اس کی یہ بھرپور توانائی اس کی اداکاری، چلنے پھرنے اور ہر پرفارمنس میں چھلکتی ہے۔ فٹنس کا خیال رنویر صرف فلموں کے باعث ہی نہیں رکھتا۔ رنویر کہتا ہے کہ اس کے لیے فٹنس، زندگی گزارنے کا ایک طریقہ ہے۔ فٹنس کے لیے رنویر کی انسپائریشن رتھک روشن ہے۔ رنویر کا کہنا ہے کہ لوگوں کو فٹنس کے لیے کسی نہ کسی کو اپنا رول ماڈل ضرور بنانا چاہیے، اس طرح اپنے مقاصد کا حصول آسان بن جاتا ہے۔
عالیہ بھٹ
سپر ٹیلنٹڈ عالیہ بھٹ اپنے فینز کو فری ہینڈ ایکسرسائز سے لے کر ہیڈ اسٹینڈ تک کے ورک آؤٹ کی ویڈیوز اپنے انسٹاگرام پیج پر اپ لوڈ کرتی رہتی ہے۔ عالیہ کی انسٹاگرام اسٹوریز سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ کس طرح کا لائف اسٹائل اپنائے ہوئی ہے۔ ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کی شوٹنگ شروع کرنے کے لیے کرن جوہر نے عالیہ کو وارننگ دی تھی کہ اگر اس نے چھ ماہ میں اپنا وزن 20کلو کم نہ کیا تو فلم میں اس کے لیے کوئی جگہ نہیں بن پائے گی۔ عالیہ نے اس وارننگ کو چیلنج کے طور پر لیا۔ ایکسرسائز اور صحت مند غذا کے ساتھ ، عالیہ یوگا بھی باقاعدگی کے ساتھ کرتی ہے۔ عالیہ، یوگا بنیادی طور پر اپنی لچک بہتر بنانے اور اندرونی مضبوطی کے لیے کرتی ہے۔ وہ بیلے اور کتھک ڈانس کو بھی فٹنس کے لیےاستعمال میں لاتی ہے۔
کترینہ کیف
کترینہ کیف ناصرف خوب صورت ہے بلکہ وہ ایک پرکشش جسم کی بھی مالک ہے۔ کترینہ کا شمار بلاشبہ انڈسٹری کی سب سے فٹ ہیروئنز میں کیا جاسکتا ہے۔ اپنی لاسٹ ریلیز ’ٹائیگر زندہ ہے‘ میں کترینہ نے چند مشکل ترین ایکشن سین بخوبی کیے ہیں۔ کترینہ کی پرسنل ٹرینر یاسمین کراچی والا ہے۔ یاسمین کا کہنا ہے کہ کترینہ ضرورت کے مطابق روزانہ ایک سے تین گھنٹے باقاعدگی سے ورزش کرتی ہے اور ہفتے کے ساتوں دن کرتی ہیں۔ کھانے کے معاملے میں کترینہ بہت محتاط رہتی ہے۔ کترینہ کی غذا میں پروٹین، فائبر، کاربوہائیڈریٹس اور صحت مند چربی شامل ہوتی ہے۔ کترینہ اپنے ورک آؤٹس کی ویڈیوز اپنے انسٹاگرام پیج پر باقاعدگی سے اپ لوڈ کرتی رہتی ہے، جہاں اس کے فالوئرز کی تعداد 9.6ملین سے تجاوز کرچکی ہے۔
جان ابراہم
اگر بالی ووڈ کو کبھی Hulkبنانے کی ضرورت پیش آجائے تو انھیں صرف ایک چھوٹی سی محنت کرنا ہوگی۔ جان ابراہم پر سبز رنگ چڑھادیں۔ جان ابراہم نے بالی ووڈ میں Muscularityکو ایک نئی جہت دی ہے۔ پہلے مردانہ وجاہت کا مطلب صرف Six-packہوتا تھا، جان آیا اور اس نے اس کا مطلب ہی تبدیل کردیا۔ جان ابراہم کی جسامت کسی لڑاکو جنگجو کی طرح لگتی ہے۔
جان ابراہم نے اپنے ذاتی بلاگ Fitness is the only religion I knowمیں لکھا تھا کہ وہ مادیت پرست ہے اور اس لیے اس کا جسم ہی سب کچھ ہے۔ ’’میں سمجھتا ہوں کہ صحت اور ورزش سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔ میں سکس پیک کے ساتھ جینا اور مرنا چاہتا ہوں۔ میری فٹنس کے تین ستون ہیں۔اچھا کھانا، اچھا سونااور اچھا ورک آؤٹ‘‘۔ جان ابراہم نے اپنے بلاگ میں لکھا۔ وہ فٹ رہنے کے لیے 60%ورک آؤٹ اور 40%صحت مند غذا کے فارمولے پر عمل کرتا ہے۔