راولپنڈی (جنگ نیوز) مری ایکسپریس وے پر بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ انچارج ایکسپریس وے ڈی ایس پی سید ثاقب شاہ‘ آپریشن آفیسر انسپکٹر شفیع الزمان اور ایڈمن آفیسر یاسر محمود کے مطابق زونل کمانڈر ڈی آئی جی محبوب اسلم کی ہدایات پر مارچ کے مہینے میں ہیلمٹ پہننے کے بارے میں آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا تھا تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ اس حوالے سے پہلے فیز میں تقریباً 16ہزار موٹر سائیکل سواروں کو بریف کیا گیا تھا۔ اب مری موٹر وے پولیس نے ایکسپریس وے پر بغیر ہیلمٹ سفر کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے موٹر سائیکل سواروں کو پابند کیا ہے کہ وہ ایکسپریس وے پر بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے سے گریز کریں۔