• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے ایئرپورٹ کا نام بینظیر ایئرپورٹ رکھاجائے،رضا ربانی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سابق چیئرمین سینیٹ سینٹر میاں رضا ربانی نے کہا ہےکہ اسلام آباد کے نئے ایئرپورٹ کا نام بینظیر ایئرپورٹ رکھا جائے ، نام تبدیل کرنا بدقسمتی ہوگی ، ہمیں اپنے سویلین قومی ہیروز کی کیا قدر ہے ۔ تفصیلات کے مطابق رضا ربانی نے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ اسلام آباد کا نام تبدیل کرنے کے معاملے پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو خط لکھا ہے جس میں انہوں کہا کہ آپ اس نامناسب فیصلے کو واپس لیں ۔ میاں رضاربانی نے خط میں لکھا کہ میڈیا میں وزیراعظم کے مشیر ہوابازی سے منسوب ایسی خبریں سامنے آئی ہیں جس میں انہوں نے کہا کہ نئے ائرپورٹ کا نام بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائر پورٹ سے تبدیل کر کے اسلام آباد انٹرنیشنل ائر پورٹ رکھا جائے گا ، اگر ایسا ہوا تو یہ بدقسمتی ہوگی کہ ہمیں اپنے سویلین قومی ہیروز کی کیا قدرہے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نےجمہوریت ، قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کی جہدوجہد میں بہادری سے لڑی۔ انہوں نے ملک کو ضیا کے مارشل لاء سے آزاد کرایا اور آخر کار راولپنڈی کی گلیوں میں دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف جنگ میں قتل کر دی گئیں۔ ان کی یاد میں ائرپورٹ کا نام ان کے نام پررکھا گیا ۔ دنیا کے متعدد ائر پورٹ قومی شخصیات کے نام پر ہیں ، بینظیر بھٹو ائر پورٹ اسلام آباد کا نام تبدیل کرنے سے ان کا نام تاریخ سے نہیں نکالا جاسکتا لیکن یہ اقدام بطور قوم ہمارے لیے اور خاص طور پر آپ کی حکومت کی قابل افسوس عکاسی کرے گا، ملک میں سویلین قیادت کے نام پر پہلے ہی اہم قومی عمارتوں کے بہت کم نام ہیں ، توقع ہے آپ اس غیر مناسب فیصلے کو واپس لیں گے ۔
تازہ ترین