• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میگا پراجیکٹس کی تکمیل نے راولپنڈی کا نقشہ تبدیل کر دیا، حنیف عباسی

راولپنڈی (خصوصی رپورٹر) چیئرمین میٹرو بس اتھارٹی و سٹیئرنگ کمیٹی برائے سپورٹس پنجاب محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ سچائی اور خلق خدا کی خدمت پر مبنی سیاست کو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی ہدایات پر راولپنڈی میں مکمل ہونیوالے ترقیاتی منصوبوں سے آزاد کشمیر‘ گلگت بلتستان سمیت دور دراز کے عوام بھی یکساں مستفید ہو رہے ہیں۔ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی‘ میٹرو بس سروس‘ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے علاوہ تعلیمی اداروں‘ ہسپتالوں میں نئے بلاکس کی تعمیرو اپ گریڈیشن سمیت دیگر منصوبوں نے راولپنڈی شہر کا نقشہ تبدیل کر دیا ہے۔ گردوں کے مریضوں کیلئے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی کسی نعمت سے کم نہیں ہو گا۔ وہ گزشتہ روز صحافیوں کے اعزاز میں تقریب سےخطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایم این اے ملک ابرار‘ ایم پی ایز زیب النساء اعوان‘ راجہ حنیف ایڈووکیٹ‘ لبنیٰ ریحان‘ سابق ایم این اے ضیاء اللہ شاہ‘ میئر راولپنڈی سردار نسیم کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ دھرنوں سمیت دیگر چیلنجز کے باوجود راولپنڈی سمیت پورے پنجاب میں مکمل ہونیوالے عوامی فلاحی منصوبوں سے عوام کے معیار زندگی میں بہتری آئی ہے۔ اگرچہ ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے لیکن محدود وسائل اور مخالفت کے باوجود میگا پراجیکٹس کی تکمیل مسلم لیگ (ن) حکومت کی عوام دوستی کا ثبوت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے بلالحاظ عہدہ و مرتبہ تمام افراد یکساں طور پر مستفید ہو رہے ہیں۔ ہسپتال پر دبائو کے باعث اسکی توسیع کا پروگرام بھی ترتیب دیا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ مستقبل میں اربوں روپے کی لاگت سے راولپنڈی رنگ روڈ‘ عمار چوک‘ کچہری چوک‘ ہسپتالوں میں گائنی وارڈز کی توسیع و تعمیر سمیت درجنوں میگا پراجیکٹس کی تکمیل شہریوں کو ترقی کے نئے دور میں داخل کر دیگی۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاستدان کیلئے عوامی محبت اور پذیرائی سے بڑھ کر کوئی ٹکٹ نہیں ہوتا۔ رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد نے کہا کہ شہر کی طرح راولپنڈی کینٹ میں بھی ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا گیا ہے۔ کینٹ میں دو نئے ڈگری کالجز‘ 10ہائی سکولز‘ 9نئی ڈسپنسریوں سمیت سڑکوں‘ پانی‘ سیوریج اور گلیوں نالیوں کے بے شمار منصوبے مکمل کئے گئے ہیں۔ سابق رکن قومی اسمبلی ملک شکیل اعوان نے کہا کہ صرف پوائنٹ سکورنگ کرنے والے شیخ رشید نے آج تک راولپنڈی ٹی بی ہسپتال کے بارے میں پارلیمنٹ میں ایک بھی پوائنٹ آرڈر نہیں دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے وابستگی اور عوامی خدمت جاری رہے گی۔
تازہ ترین