مردان(نمائندہ جنگ)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنماء اور سابق وفاقی وزیر نوابزادہ خواجہ محمد خان ہوتی نے کہا ہے کہ 2018ء کے انتخابات میں پی ٹی آئی کا ضلع مردان سمیت پورے صوبہ سے صفایا کرینگے۔سینٹ انتخابات پی ٹی آئی کے 20اراکین اسمبلی کی ہارس ٹریڈنگ قائد تحریک انصاف عمران خان کے منہ پر طمانچہ ہے، تبدیلی کے دعویداروں کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آگیا ہے، پی پی پی کا عظیم الشان جلسہ پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے خلاف ریفریڈم ہے، تحریک انصاف اور اے این پی نے عوام کو مایوس کیا عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت پیپلز پارٹی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی پی حلقہ این اے 20میں شنکر کے مقام پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے سے سینیٹر حاجی خانزادہ خان ،رحیم داد خان ،اورنگزیب ہوتی،شاہ نواز خان اورانور ہوتی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اے این پی نے عوام کو مایوس کیا عوام کی حقیقی سیاسی جماعت پی پی پی ہے، پی ٹی آئی نے تبدیلی کے نام پر دھوکہ دیا، پیپلز پارٹی اگر اقتدار میں آگئی تو ضلع مردان کے کونے کونے میں گیس، بجلی اور صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔ پی پی پی کے جیالے اب جاگ اٹھے ہیں اور ضلع مردان کو ایک بار پھر منی لاڑکانہ ثابت کرکے دم لینگے۔