کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وفاقی وزیر امین فہیم کے فرنٹ مین ٹڈاپ اسکینڈل کے ملزم مہر ہارون رشید کی گمشدگی سے متعلق دائر درخواست پر مقدمہ درج کرانے کی ہدایت کردی ہے ۔پیر کو جسٹس عرفان سعادت خان کی سر براہی میں 2رکنی بنچ نے ٹڈا پ اسکینڈل میں نامزد مہر ہارون رشید کی گمشدگی سے متعلق اہل خانہ کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی ۔سماعت کے موقع پر ایف آئی اے کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ مہر ہارون، سابق وزیر اعظم پاکستا ن سیدیوسف رضا گیلانی ور سابق وفاقی وزیر مرحوم مخدوم امین فہیم کا فرنٹ مین تھا جس کے ذریعے اربوں روپے کی کرپشن کی گئی جبکہ مغوی نے جعلی اکاؤنٹ کھول کر 5 ارب سے زائد کی کرپشن کی۔قبل ازیں درخوا ست گزار نے اپنے وکیل کے توسط سے دائر آئینی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ مہر ہارون ٹڈاپ اسکینڈل میں39 مقدمات میں ضمانتوں پر ہیں لیکن اس کے بعد سے ان کا کچھ اتا پتا نہیں ہے جبکہ گمشدگی کا بھی مقدمہ درج نہیں کیا جارہا ہے ۔لہذ ا استدعاہےکہ کارروائی عمل میں لائی جائے ۔