• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر بھٹو قتل کیس ، وکیل صفائی کی عدم دستیابی، سماعت بغیر کسی کارروائی کے کل تک ملتوی

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک راولپنڈی کے جج رائے محمد ایوب خان مارتھ نے سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو قتل کیس میں وکیل صفائی کی عدم دستیابی کے باعث سماعت بغیر کسی کارروائی کے کل دس فروری تک ملتوی کر دی، گزشتہ روز وکیل صفائی ملک جواد خالد نے ایس ایس پی وقار احمد کے بیان پر جرح کرنا تھی مگر ہائی کورٹ میں مصروفیت کے باعث وہ پیش نہ ہوسکے جس کی وجہ سے سماعت ملتوی کر دی گئی تاہم اس کیس میں تین فروری کو عدالت نے سابق وزیرداخلہ رحمان کو بطور گواہ طلبی کے سمن جاری کئے تھے جو تعمیل نہ ہونے کی وجہ سے گزشتہ روز عدالت نے سابق وزیرداخلہ کو دوبارہ سمن جاری کرتے ہوئے کل دس فروری کو طلب کیا ہے۔دریں اثناءسابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمنٰ ملک نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مجھے میڈیا کے ذریعے پتہ چلا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے قتل کیس میں عدالت نے مجھے بطور گواہ پیش ہونے کیلئے سمن بھیجا ہے جبکہ مجھے کوئی سمن اس حوالے سے موصول نہیں ہوا ۔ انھوں نے مزید کہا ہے کہ میں نے آج تک محترمہ قتل کیس میں کسی تفتیشی کے سامنے کوئی بیان قلم بند نہیں کیا ہے۔ رحمنٰ ملک نے کہا کہ عدالت نے شائدمیرے میڈیا پر بیانات جو میں نے وقتاً فوقتاً محترمہ کے شہادت کے حوالے سے دیے ہیں کی روشنی میں مجھے طلب کیا ہے۔ کورٹ کی طرف سے جب بھی کوئی سمن موصول ہوگا تو انشاءاللہ حاضر ہو جاؤنگا ۔
تازہ ترین