ملتان ،فاضل پور،روہیلانوالی(نمائندگان جنگ ) ابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سینٹ کا الیکشن ٹریلر تھا اصل فلم 2018 کے الیکشن میں چلے گی اور الیکشن پیپلز پارٹی ہی جیتے گی، حکومت کے چند ماہ رہ گئے ہیں انہیں مکمل بجٹ پیش کرنے کی ضرورت نہیں۔ملتان کے مخدوم ہائوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی این آر او نہیں چاہتی این آر او کا سب سے بڑا متاثر میں ہوں، ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ جنوبی پنجاب کو اہمیت دیتی ہمارے دور میں 30 فیصد فنڈ جنوبی پنجاب پر لگائے گئے اب تمام جماعتیں جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے ہمیں فالو کر رہی ہیں۔انھوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے حوالے سے تمام پارٹیوں نے مجھے سپورٹ کیا تھا ہم نے صوبے کی آئین سازی کر لی تھی ،جو احساس محرومی تھی اس کو دور کرنے کے لیے اٹھارویں ترمیم پیش کی، پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب سے وزرا بنائے،جنوبی پنجاب کے اتحاد پر جنوبی پنجاب محاذ کو ویلکم کریں گے۔