کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات15مئی کو ہوں گے، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے چوہدری محمد ریاض کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا ہے جنہوں نےڈسٹرکٹ اور صوبائی ہاکی ایسوسی ایشنوں کے انتخابات اور کلبوں کی اسکروٹنی کے لئے الیکشن کمشنر اور ان کے ارکان کے ناموں کا بھی اعلان کردیا ہے جو چیف الیکشن کمشنر کی مشاورت سے کیا گیا ہے، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن اور تمام ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشنوںکے انتخابات اور کلبوں کی اسکروٹنی3مئی کو ہوں گے، سندھ کے لئے سابق آئی جی سندھ مشتاق احمد شاہ کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا ہے، کمیٹی میں سید سجاد حسین شاہ،اور بریگڈ ئیر(ر) مختار احمد فارانی شامل ہوں گے،ملک میں 144ڈسٹرکٹ میں سے110 میں فعال ہاکی کھیلی جاتی ہے، پی ایچ ایف نے پنجاب کے لئے سابق آئی جی پولیس خادم حسین بھٹی ، بلوچستان کے لئے سابق ایس پی چوہدری فرمان ، کے پی کے لئے میجر(ر) محمد افضل ، اسلام آباد کے لئے کرنل(ر) محمد نعیم، گلگت بلستان کے لئے طار ق میر، فاٹا کے لئے محمد ریاست اور آزاد جموں کشمیر کے لئے ظہور جنجوعہ کو الیکشن کمشنر مقرر کیا ہے جن کے ساتھ کمیٹی کے ارکان بھی ہوں گے، شیڈول کے مطابق صوبائی ہاکی ایسوسی ایشنوں کے انتخابات دس مئی کو ہوں گے۔