کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) پاکستان ایئرفورس نے اسٹیٹ لائف کو 2-0 کی شکست دیکر نیشنل چیلنج کپ فٹ بال کے کوارٹر فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ دوسرے میچ میں پاکستان آرمی نے بھی پاکستان آرڈی ننس فیکٹری (پی او ایف) کو 1-0 کی شکست دیکر ٹاپ ایٹ میں جگہ بنالی۔ ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں کوارٹر فائنل کیلئے کنفرم ہوچکی ہیں جبکہ بدھ کو دفاعی چیمپئن کے آر ایل کو ٹاپ ایٹ میں پہنچنے کے لئے سو ل ایوی ایشن کو ہرانا ہوگا۔ ایس این جی پی ایل اگر ایشیاء گھی سے میچ ڈرا کرلیتی تو بھی ناک آئوٹ مرحلے میں پہنچ جائے گی۔ آل برادرز فٹ بال اسٹیڈیم پر کھیلے جانے والے میچ پاکستان ایئرفورس نے اسٹیٹ لائف کو 2-0 کی شکست دی۔ دونوں گول کھیل دوسرے ہاف میں ہوئے۔ پہلا گول صمد خان نے کھیل کے 54 ویں منٹ میں جبکہ دوسرا گول سلمان خان نے کھیل کے اختتامی لمحات کے انجری ٹائم میں کیا۔ میچ ریفری احمدرئوف، اسسٹنٹ ریفری توقیر اسلم، شوکت حسین، فورتھ آفیشل طلحہ سلیم، ریفری اسیسر احمد اقبال جونیئر اور میچ کمشنر احمد علی تھے۔ کے پی پی پر کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان آرمی نے پی او ایف کو 1-0 کی شکست دی۔ میچ کا فیصلہ کن گول پہلے ہاف کے نویں منٹ میں عمر وقار کیا۔