چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کا شادی ہالز کے بارے میں کیس کی سماعت کے دوران کہنا ہے کہ وفاقی محتسب رپورٹ کے خلاف جس نے اعتراضات دینے ہیں آج رات تک جمع کروا دیں، پھر کسی کا اعتراض نہیں سنا جائے گا۔
سپریم کورٹ اسلام آباد میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں عدالت عظمی کے تین رکنی بنچ نے شادی ہالز کے معاملے کی سماعت کی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ شادی ہالز کی ریگولیشن میں فضلہ اور سیوریج سے متعلق قواعد موجود ہیں، قواعد کے تحت شادی ہالز فضلہ اور سیوریج کو ٹھکانے لگانے کا بندوبست کرنے کے پابند ہوں گے۔
اس موقع پر شادی ہالز کے وکیل کا موقف تھا کہ شادی ہالز کو اعتراضات دائر کرنے کا موقع دیا جائے۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ وفاقی محتسب رپورٹ کے خلاف جس نے اعتراضات دینے ہیں آج رات تک جمع کروا دیئے جائیں آج کے بعد کسی کا اعتراض نہیں سنا جائیگا۔
اس موقع پر کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی گئی ہے۔