زیورخ (جنگ نیوز) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر جيانی انفنٹینو نے آٹھ ٹیموں کے ساتھ ہر دو سال میں منی فٹ بال ورلڈ کپ کرانے کی تجویز دی ہے۔ چار سال کے وقفے پر ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے علاوہ ہر دو سال میں یہ ٹورنامنٹ کرائے جانے کی تجویز ہے۔ اسے فائنل 8کے نام دیا جائے گا۔ مجوزہ ٹورنامنٹ گلوبل نیشنز لیگ کا گرینڈ فائنل ہو سکتا ہے یہ منصوبہ فیفا کی جانب سے 12سالہ پلاننگ کا حصہ ہے جس پر 25ارب ڈالر خرچ ہونگے۔ منی ورلڈ کپ2021 سے ہر دوسرے سال اکتوبر یا نومبر میں کھیلا جائے گا۔ اگر یہ تجویز قابل عمل سمجھی گئی تو ہر چار سال میں کھیلا جانے والا کنفیڈریشن کپ ختم کردیا جائے گا۔ صد رفیفا نے یہ تجویز جائزے کیلئے گورننگ کونسل کو ارسال کردی جس پر اب تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ انفنٹینو نے اس بات کا کوئی اشارہ نہیں دیا کہ منی ورلڈ کپ میں ٹیموں کو چنائو کس طرح ہوگا اور ہر ریجن کو کتنی نمائندگی دی جائے گی۔ البتہ اس کہا جارہا ہے کہ فائنل ایٹ ٹورنامنٹ بین الاقوامی سطح کھیلے جارہے یورپین کپ، کوپا امریکا، امریکن نیشنز کپ اور ورلڈ کپ کوالیفائنگ ٹورنامنٹس کے ساتھ چلتا رہے گا۔ انفنٹینو کا کہنا تھا کہ فائنل ایٹ کیلئے سنجیدہ سرمایہ کاروں کا گروپ 25ارب ڈالر لگانے کو تیار ہے، اس کے ساتھ ہی کلب ورلڈ کپ کو نئی شکل دی جائے گی۔ میگا ایونٹ میں 2021کے بعد سے 24ٹیمیں حصہ لیں گے، جبکہ2026سے فیفا ورلڈ کپ کو 32سے 48ممالک تک وسعت دی جائے گی۔