کوئٹہ(نمائندہ جنگ)حکومت بلوچستان اور چائنا اوورسیز ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے درمیان گوادر شہر کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔حکومت بلوچستان کی طرف سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور چائنا اوورسیز ہولڈنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ژینگ باؤ ژینگ نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ صوبائی وزیر ماحولیات پرنس احمد علی بلوچ، رکن اسمبلی حامد خان اچکزئی، چیف سیکرٹری اورنگزیب حق بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چائنا اوورسیز ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ گوادر شہر کو یومیہ تین لاکھ گیلن پانی،80پیسے فی گیلن پر فروخت کرے گی جس سے گوادر شہر کو درپیش پانی کے بحران کو کم کیاجاسکے گا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوادر پاکستان کا مستقبل ہے۔ گوادر کے لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ گوادر میں پانی کی قلت کو دور کرنے کے لئے حکومت تمام ذرائع بروئے کار لارہی ہے اور بہت جلد گوادر میں پانی کی قلت پر قابو پالیا جائے گا۔ سی پیک کی صورت میں بلوچستان کی ترقی کے مواقع حاصل ہوئے ہیں۔ ان مواقعوں سے اہل بلوچستان کے لئے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی انتہائی گہری ہے، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ ماضی میں گوادر کی ترقی میں مقامی افراد کو نظرانداز کیا گیا جس سے لوگوں میں عدم اطمینان پیدا ہوا تاہم موجودہ حکومت مقامی لوگوں کو بنیادی ضروریات کی فراہمی کے ساتھ تعلیم کے فروغ، مقامی نوجوانوں کو تکنیکی تعلیم کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات اٹھارہی ہے تاکہ سی پیک کے منصوبوں میں انجینئرز اور تکنیکی تربیت یافتہ افراد کی کمی کو پورا کیا جاسکے۔ محدود وسائل کے باوجود حکومت اپنی بساط کے مطابق صوبہ بھر کے دوردراز علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کوشاں ہے۔ وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ وفاق کی جانب سے اعلان کئے گئے گوادر اور صوبے کے دیگر منصوبوں کے لئے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بناکر کاموں کا جلد آغاز کیا جائے گا۔