سلائو (اورنگزیب چوہدری) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے سلائو میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کے سب سیاستدانوں اور حکمرانوں نے 70سال تک اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے دانستہ محروم رکھا۔ چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے میں تاریخی اور اہم کردار ادا کیا، پوری قوم اور اوورسیز پاکستانی چیف جسٹس کے شکر گزار ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا ملک پاکستان کے عظیم مفاد میں ہے۔ شیخ رشید نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا وفاقی وزیر داخلہ پر قاتلانہ حملہ ایک بزدلانہ کارروائی ہے جس ملک کے وزیر داخلہ کو گولی ماری جائے اور ڈی سی گجرانوالہ چھت کے پنکھے کے ساتھ لٹکایا جائے تو اس طرح کے حالات پاکستان میں بروقت انتحابات میں تاخیر کا باعث بن سکتے ہیں، بہت سے اہم مسائل کا حل بروقت انتحابات میں ہیں، شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سرحدوں کو کسی قسم کا بیرونی خطرہ نہیں، پاکستان کو صرف اور صرف موجودہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور کرپشن سے نقصان پہنچ رہا ہے، پاکستان کے موجودہ حکمرانوں نے بیرونی دنیا سے قرضوں کے حصول کو آسان بنانے کے لیے دانستہپاکستان کی کرنسی کو ڈی ویلیو کیا، پاکستان نے بیرونی دنیا سے جتنا قرضہ ستر سالوں میں لیا اس سے زائد قرضہ نواز شریف نے اپنے چار سالوں میں لیا جس سے ملکی معیشت کو اربوں کا نقصان ہوا، پاکستان میں بجلی اور گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ ہے حکمرانوں نے ملک کو شدید بحرانی کیفیت سے دوچار کر دیا ہے۔ اس وقت ملک کا واحد آپشن عمران خان ہے مجھ سیمت پوری قوم عمران خان کو مستقبل کا وزیراعظم دیکھ رہی ہے، شیخ رشید نے جنگ جیو کے سوال کے جواب میں کہا کہ وہ عمر کے اس حصہ میں پاکستان کی کسی بھی پارٹی میں شامل نہیں ہوں گے۔تحریک انصاف کے ساتھ سیاسی اتحاد کے ساتھ انتخابات میں حصہ لیں گے۔ عوامی مسلم لیگ اس وقت تحریک انصاف سے راولپنڈی کی صرف دو سیٹوں کی ڈیمانڈ کرے گی۔ شیخ رشید نے عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگرتحریک انصاف اپنے دیگر متوقع اتحادیوں کو آٹھ دس سیٹیں دے دیتی ہے تو انہیں مجموعی طور پچاس سیٹوں سے زائد پر کامیابی ملے گی۔ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان میں نواز شریف اور شہباز شریف کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں دونوں بھائی اپنی سیاسی زندگی پوری کر چکے ہیں انہوں بے چوہدری نثار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تمام تر کوششوں کے باوجود میاں برادران کی سیاست ختم ہو چکی ہے خلائی مخلوق کے بارے میں پوچھےگئے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف خود جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر چار کی پیداوار ہے، جنرل ضیا الحق نے اپنے بیٹے سےزیادہ نواز شریف کو دعا دی، شیخ رشید نے کہا کہ مجھے مشرف کا ساتھ دینے پر کوئی ندامت اور پچھتاوا نہیں انہوں نے کہا جب میں نےتحریک انصاف کو ٹانگہ پارٹی کہا اس وقت وہ ٹانگہ پارٹی تھی آج تسلیم کرتا ہوں تحریک انصاف پاکستان کی بڑی سیاسی جماعت ہے۔ میاں برادران کو پانامہ اور کرپشن کیسز کے علاوہ لاہور ماڈل ٹائون قتل کیس میں بھی جیل جاتا دیکھ رہا ہوں، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے آٹھ ملکوں کو خوش کرنے کے لئے تحفظ ناموس رسالتؐ قانوں میں ترمیم کرنے کی کوشش کی شیخ رشید نے کہا کہ ہمیں براداری، علاقائی تعصب کی سیاست کو چھوڑنا ہو گا کوہی بھی ملک اور معاشرہ اصول اور میرٹ کی سیاست کو لے کر ہی ترقی کر سکتا ہے، شیخ رشید نے کہا کہ سپیکر اسمبلی ایاز صادق نے میرا اسمبلی اجلاس میں مائیک بند کرنے کے علاوہ کوہی کام نہیں کیا۔ تقریب سے صدر عوامی مسلم لیگ برطانیہ شیخ سلیم، سیکرٹری جنرل برطانیہ بینا خان، میئر آف سلائو عشرت شاہ، ممتازکشمیری رہنما پروفیسر نذیر شال، منصور کیانی، حاجی منیر، میئر عنصر حسین، حاجی عابد حسین، کونسلر چوہدری منیر نے بھی اظہار خیال کیا۔