• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوادر گالف سٹی پاکستان میں انتہائی مقبول، اوورسیز ہم وطن فائدہ اٹھائیں، ملک بلال بشیر

لندن (سعید نیازی) پاکستان کے معروف تعمیراتی ادارے بی ایس ایم ڈویلپرز کے گوادر میں بننے والے رہائشی منصوبے گوادر گالف سٹی کے اوورسیز لانچ کی تقریب لندن میں منعقد ہوئی۔ جس میں گوادر گالف سٹی کے سی ای او ملک بلال بشیر نے بھی شرکت کی۔ملک بلال بشیر جو بحریہ ٹائون کے چیئرمین ملک ریاض کے نواسے ہیں نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا کہ پاکستان میں بحریہ ٹائوں کے عظیم منصوبوں سے پوری دنیا واقف ہے اور گوادر گالف سٹی پاکستان میں انتہائی مقبول ہوا ہے اور یہ اوورسیز پاکستانیوں کو بھی محفوظ سرامیہ کاری کا موقع فراہم کر رہا ہے۔ یہ گوادر کا سب سے بڑا رہائشی منصوبہ ہے۔ اس منصوبے سے گوادر آباد ہوگا کیونکہ وہاں رہائشی منصوبوں کے حوالے سے ابھی تعمیراتی کاموں کا آغاز نہیں ہوا۔ ہم نے اس منصوبے کو فروخت کرنے سے قبل تعمیراتی کاموں کا آغاز کیا تھا۔ اس منصوبے میں ہائوسنگ سوسائٹی کے علاوہ ولاز بھی ہیںاور آنے والے وقت میں مزید منصوبوں کا بھی اعلان کیا جائے گا۔ بلال اکبر ایک سوال کے جواب میں کہا کہ منصوبے کی بکنگ کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس کو تیار کرنے میں تین سے چار سال لگ جاتے ہیں۔ یہ ایک بڑا منصوبہ ہے۔ اس سوال کے جواب میں کہ آپ کے پاس10ایکڑ کی این او سی ہے لیکن پراجیکٹ تو یہ کافی بڑا لگتا ہے تو انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس وہاں زمین دستیاب ہے جوکہ کمپنی کے نام پر بھی ہے ہم نے این او سی کی ایکسٹینشنکے لئے اپلائی بھی کر دیا ہے۔ انشاء اللہ وہ بھی ایک سے دو ماہ میں مل جائے گی۔ اگر وہاں سائٹ پر جاکے دیکھا جائے تو اندازہ ہوگا کہ وہاں 5سے7سو ایکٹر پر تعمیراتی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں صورت حال پہلے سے بہت بہتر ہو چکی ہے۔ آنے والے وقت میں اندازہ ہوگا کہ اب وہاں مکمل سکون ہے اور صرف ہمارے نہیں بلکہ حکومت کے بھی کئی پراجیکٹ وہاں چل رہے ہیں۔ امن و امان کے قیام میں پاک فوج کا کردار نمایاں ہے۔ گوادر گالف سٹی کے منظور شدہ ڈیلر ایونیو مارکیٹنگ کے جنرل منیجر سیلز محمد ریاست چوہدری نے کہا کہ سی پیک کے اثرات نہ صرف گوادر بلکہ پورے پاکستان پر مرتب ہورہے ہیں۔ اوورسیز پاکستانی اس منصوبے میں بہت زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔ ایونیو مارکینگ کے عبدالمنان نے کہا کہ پاکستان پورے ایشیا میں ترقی کے حوالے سے نمایاں ہے اور چونکہ یہ منصوبہ پاکستان کی بڑی تعمیراتی کمپنی کا ہے اس لئے اس کی بروقت تکمیل کے حوالے بھی کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے۔ اطہر عباس نے کہا کہ اس منصوبے میں سرمایہ کاری کرنے والے فائدہ میں رہیں گے۔ نوید مسعود نے کہا کہ یہ منصوبہ اپنی لوکیشن کے سبب منفرد ہے اور اس میں ہر سائز کے پلاٹ دستیاب ہیں۔ لانچ کے موقع پرپاکستانیوں نے منصوبے سے متعلق آگاہی حاصل کی اور پلاٹس کی بکنگ بھی کرائی۔

تازہ ترین