پشاور(نمائندہ جنگ) چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے پشاور میں دماغی امراض کے اسپتال کے ناقص انتظامات و ابتر صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے وزیراعلی، چیف سیکرٹری اورسیکرٹری صحت کو طلب کرلیاہے۔ فاضل چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثارخیبرپختونخواکے دورے پر پشاور پہنچ گئے۔ بدھ کے روز اسلام آباد میں مقدمات کی سماعت کے بعد وہ دوپہر دو بجے کے قریب وہ پشاورپہنچے جہاں سپریم کورٹ پشاور رجسٹری پہنچتے ہی انہوں نے سنٹرل جیل پشاورمیں قائم دماغی امراض کے اسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسپتال کے مختلف حصوں کامعائنہ کیااورذہنی مریضوں کو دی جانے والی سہولیات اورادویات کابھی جائزہ لیا اوراسپتال کی حالت زار اور اسپتال کے ناقص انتظامات پراسپتال اورجیل انتظامیہ پربرہمی کااظہار کیا۔ چیف جسٹس نے وارڈ میں موجود ایک مریض کو ہتھکڑیوں میں دیکھ کرایم ایس کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کیا ذہنی مریضوں مریضوں کو اسپتال میں اس طرح رکھاجاتاہے۔ فاضل چیف جسٹس نے اس اس موقع پر قید مریضوں سے علاج معالجے اور سہو لیا ت سے متعلق سوالات بھی کئے۔ فاضل چیف جسٹس نے اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور صوبائی سیکرٹری صحت کو وارڈ طلب کرلیا اور انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری صاحب آپ مان لیں کہ آپ کے انتظا مات ناقص ہیں۔