• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خوف خدا والی قیادت ہوتی تو چیف جسٹس کو اسپتالوں میں نہ جانا پڑتا، سراج الحق

لاہور (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی و نائب صدر متحدہ مجلس عمل پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ 2018ء کے انتخابات میں منبر و محراب والے لندن اور واشنگٹن کے آلہ کاروں کو شکست دیکر ملک میں خلافت کا بابرکت نظام نافذ کریں گے، بلوچستان سمیت صوبوں اور مرکز میں متحدہ مجلس عمل کی حکومت ہو گی تو ہم احتساب کرکے دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل پاکستان کو اس کی حقیقی منزل اسلامی نظام سے ہمکنار کرنے کیلئے جہاد کبیر کر رہی ہے، 13مئی کا جلسہ قومی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا، کرپٹ اشرافیہ، پیسے پر بکنے اور طبلے بجا کر ناچنے والے اللہ والوں کا مقابلہ نہیں کر سکتے، بلوچستان اور پاکستان کے تمام مسائل کا حل شریعت کے نظام میں ہے، اگر ملک کو خوف خدا رکھنے والی قیادت ملتی تو آج چیف جسٹس کو صحت کا نظام ٹھیک کرنے کیلئے ایک ایک اسپتال نہ جانا پڑتا اور نہ دودھ اور ادویات میں ملاوٹ کے خاتمہ کیلئے ادھر ادھر بھاگنا پڑتا، ملک میں 2 نمبر چیزیں اس لئے ہیں کہ ملک کو آج تک ایک نمبر قیادت ہی نصیب نہیں ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے ضلع قلات کے مقام منگوچر میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل متحدہ مجلس عمل اور سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبد الغفور حیدری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین