• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
انٹرن شپ کرنے کے خواہش مند ہیں؟

فرحان علی

دوران تعلیم یا پھر اس کے اختتام پر اکثر نوجواان انٹرن شپ کے لئے مختلف اداروں کا رخ کرتے ہیں۔ یہ کمپنیاں یا ادارے انہیں مخصوص مدت تک کے لئے تربیتی پروگرام آفر کرتی ہیں، جہاں یہ نوجوان اپنے مستقبل کے حوالے سے منصوبہ بندی کرتے ہیں، گو کہ انٹرن شپ کے لئے اداروں کاانتخاب تعلیمی ادارے ہی کرتے ہیں، تاہم یہ اس بات پر منحصر ہے کہ یہ کمپنیاں ان سے کیسے کام لیتی ہیں جو ان کے لئے عملی میدان میں مفید ثابت ہوسکے اور وہ مستقل بنیادوں پر اس شعبے میں اپنا نام اور مقام پید ا کر سکیں۔انٹرن شپ پروگرام سے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو اپنے کیرئیر کی سیڑ ھی پر پہلا قدم رکھنے ، مختلف اداروں میں کام کے طریقہ کار کو سمجھنے اور اپنی قائدانہ صلاحتیوں کو نکھارنے میں مدد ملتی ہے ۔ اس سے با صلاحیت نوجوان ابھر کر سامنے آتے ہیں ۔ 

سر کاری اورنجی اداروں کو چاہیں کہ نوجوانوں کے لیے اپنی راہیں کھول دیں ، تاکہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرسکیں ۔کسی بھی طالب علم کے لئے انٹرن شپ کا سب سے بڑا فائدہ تجربے کا حصول اور باصلاحیت افراد کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملنا ہوتا ہے ۔ اگر انٹرن شپ کے دوران نوجوان اپنی تمام تر توجہ صرف اپنے کام پر رکھیں اور مستقل مزاجی سے اپنا کام انجام دیں ،تو بہت ممکن ہوتا ہے کہ وہی کمپنی ڈگری مکمل ہونے کے بعد یا پہلے ہی مستقل ملازمت کی پیش کش کردےاور یہ بھی ممکن ہے کہ انٹرن شپ کی بنیاد پر انہیں کسی اور کمپنی میں بہتر ملازمت مل جائے۔آپ کوکسی دوسری کمپنی کی طرف سے ملازمت کی پیش کش ہو سکتی ہے۔بنیادی طورآپ کا فوکس و ہی ادارہ ہونا چاہیے،جہاں آپ نے انٹرن شپ کی ہو۔جس کمپنی میں آپ انٹرن شپ کر رہے ہیں، وہاں کے مینیجر یا باس کو متاثر کرنے کے لئے اس ادارے کے مستقل ملازمین کے ساتھ ذہنی ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوشش کریں ۔ اپنی اچھی اور بری باتوں اور عادتوں پر نظر ثانی کریں ۔ یاد رہے کہ دفتری ماحول میں اپنے کسی نئے یا پرانے ساتھی کی اس کی غیر موجودگی میں برائی نہ کریں۔ اس طرح آپ کے بارے میں دوسروں کے ذہن میں منفی خیالات پیدا ہوں گے، جو کہ ظاہر ہے کہ آپ کے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں ۔ 

اس کے علاوہ غیر ضروری طور پر جذباتی پن کا مظاہر ہ کرنے کی صورت میں آپ کی ساکھ متاثر ہو گی۔ دفتری اوقات میں ہر ایک سے پروفیشنل کی طرح کا برتاؤ کریں۔ یہ بات یاد رکھیں کہ انٹرن شپ کے لئے منتخب کئے جانے کے بعد کمپنی آپ کا مجموعی رویہ دیکھتے ہوئے اس بات پر بھی غور کر سکتی ہے کہ آپ ادارے میں کس جگہ موزوں ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس لئے اہم بات یہ ہے کہ ذہنی ہم آہنگی اور مشاہدے پر توجہ مرکوز رکھیں۔دوران انٹرن شپ اپنے کسی بھی ساتھی بالخصوص سینئر سے کچھ بھی پوچھنے میں جھجک محسوس مت کریں، یاد رکھیں، انٹرن شپ ایک طرح سے آپ کی تعلیم کا ہی حصہ ہے، جہاں آپ کام سیکھنے کے لیے گئے ہیں، اگر جھجک یا شرم محسوس کریں گے،تو اس طرح آپ کا اپنا ہی نقصان ہوگا، ویسے بھی سیکھنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی انٹرن شپ ہو یا عمرکا کوئی بھی حصہ آگے بڑھنے کے لیے اگر اپنے سے چھوٹوں سے بھی کچھ پوچھنا پڑے تو عار محسوس نہیں کیجیے گا۔ 

ان سے خوف زدہ ہونے کے بہ جائے پورے اعتماد سے سوال یا بات کریں، کیوں کہ ظاہر ہے کہ کمپنی آپ کو مستقل کرنے سے پہلے انہی تمام باتوں کی توقع رکھے گی۔یہ بھی یاد رکھیں کہ ضرورت سے زیادہ خود اعتمادی کا مظاہرہ ہرگز نہ کریں ۔ خود اعتمادی اور عاجزی میں ایک توازن قائم رکھیں ، آپ نوجوان پروفیشنل ہیں اور جاب مارکیٹ میں آپ نووارد ہیں ،تو اس بات سے اندورنی طور پر خبردار رہیں ۔ ہو سکتا ہے کہ انٹرن شپ کے ابتدائی دنوں میں آپ کے باس یا مینیجر تربیت دینے کے لیے کسی ایسی جگہ بٹھا دیں، جہاں آپ کے کام کے مواقع کم ہوں اور آپ اپنی تمام صلاحیتوں کاکھل کر مظاہرہ نہ کر سکتے ہوں،تو آپ اس بات کو مسئلہ نہ بنائیں،کیوں کہ یہ بھی آپ کی تربیت کا ہی حصہ ہوگا۔آہستہ آہستہ اپنے کام کے ذریعے خود کو منوانے کی کوشش کریں، سینئر ز کے ساتھ بیٹھیںاور کام سیکھیں۔ اس کے لئے آپ اپنی غیر معمولی اور حیرت انگیز صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں، جو بھی آپ نے وہاں سے سیکھا ،اس کے بارے میں دوسروں سے رائے حاصل کریں۔ اپنی کارکردگی کے بارے میں ساتھی کارکنوں سے ضرورپوچھیں ۔ 

اپنے کام اور کسی بھی دفتری معاملے میںبیدار مغز اور سرگرم نظر آئیں ، وقتاً فوقتاً اپنے باس سے اپنی کار کردگی کے بارے میںرائے لیں، اگر وہ کسی بات پر ڈانٹ دیں یا سمجھائیں ، تو اس بات پر منہ بسرنے کے بہ جائے، یہ جائزہ لیں کہ آپ کی غلطی کہاں ہےاور اس کی اصلاح کیسے ممکن ہے، اپنے آپ میں صبر وتحمل وبرداشت پیدا کریں۔علاوہ ازیں، اپنے پاس ایک نوٹ بک ہمہ وقت رکھیں ،جس میں آپ ضروری نکات بروقت نوٹ کرتے جائیں ۔ ایسی عملی تراکیب لکھیں ،جو بعد میں آپ کے کام آئیں ۔اگر اسی کمپنی میں آپ مستقل ملازمت کے خواہش مند ہیں تب کسی بھی کام یا چیز میں عدم دل چسپی اور بوریت کا برتا ؤ نہ کریں۔ 

سیکھنے کے عمل کو مشغلے کی طرح لیں اور اپنی پوری خوشی اور آمادگی کے ساتھ دل چسپی کا اظہار کریں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اپنے ذہن کو کھلا رکھیں تاکہ آپ اپنی عادت کو بدلنے کے لیے تیار رہیں۔ انٹرن شپ زندگی کے اہم تجربات میں سے ایک تجربہ ہوتا ہے۔ اس لیے ان تما م مواقع کو بہ خوشی قبول کرنا ہی آپ کے مستقبل کے لیےبہتر ہو سکتا ہے۔ایک پیشہ ور کارکن کی طرح کسی بھی صورت حال پر قابو پانے کے لیے پیش قدمی کریں۔ ایک بار جب آپ اپنا ہدف کام یابی سے حاصل کرلیں، توباس سے دوسرے پراجیکٹس کے بارے میں پوچھیں یا پھر ایسے تخلیقی اور بہترین آئیڈیاز پیش کریں، جو کمپنی یا ادارے کے فائدہ مند ہوں۔ معاملات کے باہمی تعلق کے ذہنی نقشے کو زیربحث لائیں، مگر یاد رکھیں خود کو عقلِ کل مت سمجھیں ابھی آپ سیکھنے کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔ اپنی شخصیت میں لچک، عاجزی پیدا کریں۔ اس لیےبرتا ؤ اور رویہ میںنرم رکھیں، بے باکی اور منہ پھٹ ہونے کا مظاہرہ نہ کرنا ہی بہتر رہے گا۔کمپنی پر کسی بھی قسم کی تنقید کرنا مناسب نہیں ۔ آپ کسی بھی اہم معاملے کو تنقیدی نقطہ نگاہ سے دیکھنے کے بہ جائے مثبت حقائق پر نظر رکھیں ۔ ہمیشہ توقع سے زیادہ فرماں برداری کا ثبوت دیں، تاکہ کمپنی پر آپ کا تاثر اچھا ہو۔ لوگوں کو آپ کے کام کی وجہ سے آپ کو شناخت کرنے کا موقع دیں ،نہ کہ اس بات پر کہ آپ سوشل میڈیا پر کتنا سرگرم ہیں۔ 

کمپنی کے لیے آپ کی خدمات اور تخلیقی صلاحیتیں قابل غور ہو سکتی ہیں۔ اس طرح آپ اپنے سپروائزر کو متاثر کر سکتے ہیں اور ان پر اپنا اچھا تاثر بھی قائم کر سکتے ہیں۔ اگر آپ نے اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ منفرد اور اچھوتے انداز سے کیا تو کوئی وجہ نہیں کہ آپ کی انٹرن شپ مستقل ملازمت میں ڈھل جائے ، یہ ناممکن نہیں ہے۔ اپنے اندر کی صلاحیتوں کو تلاش کریں اور اس بارے میں غور کریں کہ یہ پروفیشنل لائف میں کس طرح آپ کے کام آسکتی ہیں ۔دفتر میں بس اپنے کام سے کام رکھیںاور اپنی ذمے داریوں کو پوری ایمان داری سے مکمل کریں۔ اپنے کیریئر، مقاصد اورصلاحیتوںکو باہم ملا ہر روز محنت اور لگن کا مظاہرہ کریں اس کا مثبت نتیجہ ایک دن ضرور ملے گا۔کسی بھی ماحول میں انٹرن شپ کرنا پروفیشنل تعلقات قائم کرنے میں مدد دیتا ہے ۔ 

اس طرح یہ آپ کے کیرئیر کا تعین بھی کرتا ہے۔ اسی لیے کہا جاتا ہے کہ انٹرن شپ عملی زندگی کے آغاز میں انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔آپ ورکرز کے ساتھ گھلنے ملنے ، لنچ کرنے ان کے ساتھ ایوینٹس میں شامل ہونے یا دیگر سماجی اجتماعات میں شریک ہونے میں جھجک کا مظاہرہ نہ کریں۔ ان کے ساتھ دوستانہ اور بے تکلفانہ تعلقات کمپنی کے بارے میں صحیح اندازہ قائم کرنے میں مدد دیں گے اور اس بارے میں فیصلہ آسان ہو گا کہ آیا مستقبل میں آپ اس کمپنی کو مستقل ملازمت کے طور پر اپنانے کے خواہش مند ہیں یا نہیں۔ اپنے ساتھی انٹرن ، سینئرز یا باس کے ساتھ رویوں کی تخصیص نہ رکھیں۔ ہر ایک سے یکساںبرتاؤ کریں ،جب انٹرن شپ ختم ہونے میں ایک ماہ رہ جائے تو آپ اپنے باس سے وقت لیں اور اپنے کیریئر کے مقاصد کے بارے میں ان سے مشورہ لیں، اس حوالے سے بات چیت کریں۔ 

اس سےان پر بھی آپ کا مثبت اثر پڑے گااور آپ کی جانب سے اس طرف بھی اشارہ ہوگا کہ آپ فارغ التحصیل ہونے کے بعد اس ادارے میں باقاعدہ ملازمت کرنے کے خواہاں ہیں۔ اس لیے دوران انٹرن شپ اپنا رویہ باس یا دیگر ساتھیوں کے ساتھ اچھا اور مثبت رکھیں، اپنی شخصیت میں بہتری لانے کی کوشش کریں تاکہ آپ کا تا ثر اچھا پڑے، کیوں کہ یہی رویہ اور آپ کا کام آپ کی پہچان بننے کے ساتھ آپ کو ملازمت دلوانے میں معاون ثابت ہوگا۔ 

تازہ ترین