بھارتی سینئر سیاست دان، جنرلز، سفارتی عہدے دار اور سینئر صحافی اعتراف کرچکے کہ بھارت کے 5 جنگی جہاز گرے ہیں۔
جہاز گرتے ہیں تو پتہ بھی چلتا ہے، نظر بھی آتا ہے، سنائی بھی دیتا ہے، 29 جولائی کو بھارتی لوک سبھا میں ارکان پارلیمنٹ بھارتی فضائیہ کے گرنے والے رافیل کی تصویریں لے آئے۔
بھارتی اراکین پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان سے لڑائی میں بھارتی فضائیہ کا رافیل پہلے دن ہی گرا، لیکن بھارتی ایئر مارشل نے جنتا کو بے وقوف بنایا۔
ارکان پارلیمنٹ نے بھارتی فضائیہ کے گرنے والے طیاروں کی تفصیل بتا دی تھی، حقیقت دنیا کو دکھا دی تھی۔
یاد رہے کہ پاکستان نے 7 مئی کی فضائی جنگ کے فوراً بعد ہی رافیل سمیت بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرانے کی تفصیلات تک سامنے رکھ دی تھیں جن کی تائید بھارتی میڈیا کی رپورٹس سے بھی ہوئی تھی۔
علاوہ ازیں پاک فضائیہ نے بھارتی طیاروں کی کمیونیکیشن ہیک کر کے کاک پٹ میں ہوئی گفتگو تک بھی سنا دی تھی۔
دوسری جانب بھارتی ایئر چیف نے پاک بھارت جنگ کے 3 ماہ بعد بنا ثبوت 6 پاکستانی طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ کردیا۔
بھارتی ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے بھارت کے لیے عالمی ہزیمت کا سبب بننے والی چار روزہ جنگ میں پاکستان کے پانچ لڑاکا طیاروں سمیت چھ طیارے تباہ کرنے کا دعوی کردیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی ایئر چیف کے دعووں کو غیر معقول اور غیر موزوں قرار دے کر دونوں ممالک کے طیاروں کے موجودہ ذخیرے کی آزادانہ تصدیق کا چیلنج دے دیا۔
اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت نے نہ کوئی پاکستانی طیارہ مار گرایا، نہ ہی تباہ کیا، پاکستان نے چھ بھارتی جنگی طیارے اور ایس فور ہنڈریڈ فضائی دفاعی نظام کو تباہ کیا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان نے فوری بین الاقوامی میڈیا کو تفصیلی تکنیکی بریفنگ دیں، غیر جانبدار مبصرین نے متعدد بھارتی طیاروں، بشمول رافیل کے نقصان کا اعتراف کیا، عالمی رہنما، بھارتی سیاست دان اور غیر ملکی انٹیلی جنس جائزوں میں اعترافات شامل تھے۔