اداکار فیصل خان کا کہنا ہے کہ بھائی عامر سے جھگڑے کے دوران شاہ رخ نے میری مدد نہیں کی۔
بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے بھائی فیصل خان نے ان سے تعلقات ٹھیک کرنے کے لیے بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان سے مدد مانگی تھی جس کے لیے وہ ان کی رہائش گاہ منت بھی گئے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار بھائیوں فیصل خان اور عامر خان کے درمیان کئی سالوں سے تعلقات کشیدہ رہے ہیں، یہاں تک کہ معاملہ عدالت تک بھی پہنچ گیا۔
فیصل خان کا کہنا ہے کہ میرے اور عامر خان کے گھر والے ہمارے رشتے میں زہر گھول رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ کس طرح انہوں نے آدتیہ چوپڑا اور شاہ رخ خان سے اس حوالے سے رابطہ کیا۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں فیصل خان نے اس وقت کے بارے میں بتایا جب وہ عامر خان کے ساتھ معاملات ٹھیک کرنا چاہتے تھے لیکن ان سے رابطہ نہیں کر سکے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس وقت میں نے اداکار شاہ رخ خان اور پروڈیوسر آدتیہ چوپڑا سے رابطہ کیا لیکن مجھے کوئی جواب نہیں ملا۔
فیصل خان کا کہنا ہے کہ عامر سے جھگڑے کے دوران شاہ رخ نے میری مدد نہیں کی، میں نے اس سلسلے میں کچھ فلمی لوگوں سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، بڑے نام، چھوٹے نام، جن سے بھی میں ملا، میں نے یہ سوچا کہ جو عامر کے آس پاس ہیں وہ تو اس کو چڑھا رہے ہیں، اس لیے میں نے کچھ ایسے لوگوں سے رابطہ کرنے کی کوشش کی جن کے ساتھ عامر پہلے کام کر چکا ہے۔
فیصل نے بتایا کہ میں نے آدتیہ چوپڑا سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی، میں یش راج فلمز کے دفتر کے باہر گیا لیکن انہوں نے مجھے ملاقات کا وقت نہیں دیا، میں نے ان کے لیے ایک نوٹ بھی چھوڑا تھا، میں منت کے باہر گیا تھا، میں نے شاہ رخ خان کو بھی فون کرنے کی کوشش کی، مگر انہوں نے کوئی توجہ نہیں دی۔
عامر خان کو بہت طاقت ور قرار دیتے ہوئے فیصل خان نے کہا کہ مشہور شخصیات سوچ رہی تھیں کہ یہ تو پاگل ہی ہو گا، کیونکہ عامر پرفیکشنسٹ ہے وہ غلط نہیں ہو سکتے، ان سب نے عامر پر یقین کیا۔
اس سے قبل فیصل خان نے عامر خان پر الزامات عائد کیے تھے اور 08-2007ء میں اپنے خاندان کے ساتھ قانونی جنگ بھی لڑی تھی۔
2008ء میں عدالت کے فیصلے کے بعد بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل نے کہا تھا کہ سچ کہوں تو میں کبھی بیمار نہیں تھا، اب تک جو کچھ بھی کہا گیا ہے وہ قیاس آرائیاں تھیں اور میرے بڑے بھائی عامر خان اور خاندان کے دیگر افراد نے پھیلائی تھیں، درحقیقت مجھے اغواء کیا گیا تھا، میں گھر میں نظر بند تھا، مجھے زبردستی دوائیں دی جاتی تھیں، فیصلے کے دن جج صاحب نے اعلان کیا کہ میں کسی بیماری میں مبتلا نہیں ہوں اور یہ کہ میں نارمل ہوں، اپنی زندگی خود سنبھالنے کے قابل ہوں، میرے ساتھ ایک عام انسان جیسا سلوک کیا جانا چاہیے۔
فیصل نے 1988ء میں فلم قیامت سے قیامت تک میں ایک ولن کا کردار ادا کر کے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
عامر خان اور ان کے بھائی فیصل خان نے دھرمیش درشن کی فلم میلہ میں ایک ساتھ کام کیا تھا، 2000ء میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں ٹوئنکل کھنہ بھی تھیں۔
فیصل خان نے 1994ء کی فلم مدہوش اور 2015ء کی فلم چنار داستانِ عشق میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
2021ء میں فیصل خان نے فلم فیکٹری سے ہدایت کاری کا آغاز کیا اور اس میں اداکاری بھی کی، 2022ء میں انہوں نے فلم اوپنڈا سے کناڈا فلموں میں قدم رکھا، انہوں نے ابھی اپنے اگلے پروجیکٹ کا اعلان نہیں کیا ہے۔