• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شکار پور،2قبائل میں تصادم اور پولیس فائرنگ سے6افراد جاں بحق

شکارپور(نامہ نگار) گروہی تصادم کے دوران دوافرادہلاک ہونے کے ساتھ راہگیروں سمیت دس سے زائدشدید زخمی،پولیس کے پہنچنے کے بعد تیغانی برادری کے چار افراد مارے گئے،پولیس کے مطابق مارے جانے والے مختلف جرائم میں پولیس کو مطلوب تھے۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل خانپور میں تھانہ ناپر کوٹ کی حدود کچے کے علاقے گاؤں حاجی مہران خان بجارانی میں تیغانی اور بجارانی فریقین کے درمیان جاری تنازع شدت اختیار کرنے پر دونوں جانب سے اندھا دھند فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ دونوں فریقوں کے مورچہ بند مسلح افرادنے جدیداسلحے کا آزادانہ استعمال کرتے ہوئےپورےعلاقے کو میدان جنگ بنادیا۔ کئی گھنٹوں کی شدید فائرنگ سے علاقے میں خوف وہراس کی لہر چھا گئی۔ملی ہوئی معلومات کے مطابق شدیدفائرنگ کے نتیجے میں بجارانی برادری کے دو افراد امیر احمد ولد عطا محمد بجارانی اور جانی ولد محمد لقمان بجارانی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ دو راہگیروں سمیت دونوں جانب کے دس افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں سول اسپتال شکارپور پہنچایا گیا،جہاں سے انتہائی نازک حالت کے باعث تین لوگوں کو سکھر اسپتال منتقل کردیا گیا۔دیہاتیوں کی جانب سے پولیس کو بروقت اطلاع دینے کے باوجود پولیس دیر سے پہنچی۔ پولیس کے پہنچتے ہی تیغانی برادری کے مسلح افراد اور پولیس کے درمیاں فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ پولیس نے دعویٰ کی ہے کہ پولیس کی فائرنگ سے تیغانی برادری کے چار افراد ہلاک ہوئے ہیں جو کہ مختلف جرائم میں پولیس کو مطلوب تھے۔جن میں سے دو کی شناخت طوطو تیغانی اور سلیمان تیغانی کے طور پر ہوئی ہے۔ واضع رہے کہ تیغانی اور بجارانی برادریوں میں جاری اس تنازع میں اب تک 20سے زائد انسانی جانیں ضائع اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں۔
تازہ ترین