• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپین منصور احمد سپردخاک

کراچی (اسٹاف رپورٹر) دنیائے ہاکی کے نامور گول کیپر، سابق اولمپئین اور قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان منصور احمد کو اتوار کو ڈیفنس فیز ون کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، قبل ازیں ان کی نمازجنازہ سلطان مسجد ڈیفنس میں ادا کی گئ، 49 سالہ منصور احمد عارضہ قلب میں مبتلا رہنے کے بعد ہفتے کو قومی مرکز برائے امراض قلب میں انتقال کر گئے تھے، نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر ان کے ساتھی کھلاڑی سمیت کئی افراد انتہائی غمزدہ دکھائی دیے۔ نمازہ جنازہ میں ہاکی کھلاڑ یو ں، عہدیداروں، سیاست دانوں اور عمائدین شہر نے شرکت کی تاہم حکومتی سطح پر کوئی ذمہ دار اس موقع پر موجود نہیں تھا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سکریٹری شہباز احمد خصوصی طور پر نماز جنازہ اور تدفین میں شر کت کے لئے لاہور سے کراچی پہنچے۔ نماز جنازہ میں قومی کر کٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی، پی سی بی کے سابق چیف سلیکٹر صلاح الدین صلو، قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اصلاح الدین، حنیف خان، رشید الحسن، حسن سردار، شاہد علی خان، ناصر علی، ایاز محمود، افتخار سید، قمر ابراہیم، قومی ہاکی ٹیم کے سابق کوچ سمیر حسین ،کامران اشرف، سابق ٹیسٹ کرکٹر جلال الدین، سلیم جعفر سید حیدر حسین، مبشر مختار، محمد علی خان، جان محمد،رکن قومی اسمبلی اقبال محمد خان، متحدہ قومی مومنٹ کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان، پیپلز پارٹی کے نجمی عالم، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سید محفوظ الحق، کے ایچ اے کے چیئر مین گلفرازاحمد خان، ڈاکٹر عبدالماجد، جاوید اقبال، سیاسی، سماجی، ادبی اور کھیل سے تعلق رکھنے والی شخصیات سمیت ایم کیوایم ڈیفنس کلفٹن ٹائون کے ذمہ داران ، کارکنان ، ہمدردوں اور مرحوم کے عزیز واقارب نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مرحوم کے سوئم کے سلسلے میں آج پیر کے روز مبارک مسجد، ڈیفنس فیز 6 میں بعد نماز عصر قران خوانی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں بدھ16 مئی کو شام چار بجے شاہد خان آفریدی فاؤنڈ یشن اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کی جانب سے کے ایچ اے کمپلیکس گلشن اقبال میں قران خوانی اور فاتحہ خوانی کا انتظام کیا گیا ہے ۔سابق قومی ہاکی کپتان منصور احمد کی تدفین اور نماز جنازہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قومی کر کٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آ فریدی نے منصور احمد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصور احمد بڑا نام تھا مگر ہم نے اس کی قدر نہیں کی۔ ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان نے کہا کہ منصور احمد لیجنڈ تھے، انہوں نے ہاکی کے لئے بے شمار خدمات انجام دیں۔ پی ایچ ایف کے سیکرٹری شہباز احمد اور پی ایچ ایف کے چیف سیلکٹر اصلاح الدین نے کہا کہ ملک کے لئے منصور احمد کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ سابق اولمپیئن رشید الحسن نے کہا کہ ان کی وفات سے قوم ایک عظیم کھلاڑی سے محروم ہوگئی ہے۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری کامران اشرف نے کہا کہ وہ عظیم کھلاڑی ہی نہیں عظیم انسان بھی تھے ہم ایک اچھے ساتھی سے بچھڑ گئے، اس موقع پر ان کی والدہ نے کہا کہ ایک ماں کے غم کا کوئی اندازہ نہیں لگا سکتا ہے وہ میرا بہت زیادہ خیال رکھتا تھا، قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان حنیف خان، حسن سردار نے کہا کہ قوم ایک اچھے کھلاڑی اور انسان سے محروم ہوگئی۔
تازہ ترین