وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے اور مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہبازکا کہنا ہے کہ عالمی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں اور اداروں کو متحد ہو کر چلنا پڑے گا۔
قصور کے علاقے کھڈیاں خاص میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ عمران خان 11 نکات خیبرپختونخوا میں دیتے تو انہیں اپنے گریبان میں جھانکنا پڑتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے خیبرپختونخوامیں 300 ڈیم، ایک ارب درخت لگانے اور اسپتالوں کا جال بچھانے کے دعوے کہاں گئے؟
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان احتساب کی بات کرتے ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں ڈی جی احتساب کمیشن کو فارغ کیا گیا۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عوام مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑی ہے اور انتخابات میں عوام کا فیصلہ ترقی اور خوشحالی کے حق میں ہوگا۔