• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد میں ہاکی اسٹیڈیم منصور احمد سے منسوب کرنے کی منظوری

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان اسپورٹس بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی نے قومی کھلاڑیوں کیلئے سپورٹس انشورنش پالیسی لانے۔ اسلام آباد میں ہاکی اسٹیڈیم کو لیجنڈ گول کیپر منصور احمد کے نام سے منسوب کرنے ، نارووال اسپورٹس کمپلیکس کیلئے پراجیکٹ ڈائریکٹر تعینات کرنے سمیت منصور احمد کے اہلخانہ کو 10لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دیدی ۔ یہ فیصلے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ کی زیر صدارت ہونیوالے پاکستان اسپورٹس بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں ہوئے جس میں وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ ابو عاکف، ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ عامر علی احمد ، ڈپٹی ڈی جی ایڈمن منصور احمد خان سمیت ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی اجلاس میں ہاکی لیجنڈ منصور احمد کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور کھلاڑیوں کی دوران علالت، حادثہ کے پیش نظر قومی کھلاڑیوں کیلئے اسپورٹس انشورنش پالیسی لانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت تمام فیڈریشنز سے کھلاڑیوں کے نام لئے جائینگے اور اسٹیٹ لائف کے ذریعے ان قومی ایتھلیٹس کی انشورنس کروائی جائے گی جبکہ بیڈمنٹن کی سابق پلیئر زرینہ وقار کے علاج کیلئے بھی 10لاکھ روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریاض پیر زادہ نے کہاکہ اجلاس میں کھیلوں کے حوالے سے مختلف سفارشات کا جائزہ لیا گیا اور ساوتھ ایشین گیمز کی میزبانی کے حوالے سے بھی مختلف امور زیر غور آئے جبکہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سیف گیمز کے انعقاد کیلئے فنڈز بھی مختص کئے ہیں ۔وفاقی وزیر ریاض پیر زادہ کا کہنا تھا کہ نارووال اسپورٹس کمپلیکس پر نیب نے نہیں بلایا، بلائینگے تو پیش ہو جائینگے۔
تازہ ترین