اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)گلگت بلتستان کی اپوزیشن جماعتوں نے مطالبہ کیا ہےکہ گلگت بلتستان کومکمل آئینی صوبہ یا آزاد کشمیر کی طرز پرحکومت کاالگ سیٹ اپ دیدیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ 70سالوں سے آئینی وقانونی حقوق سے محروم جی بی کے عوام اور نوجوان اپنے حقوق کامطالبہ کررہے ہیں جس کے حصول کے لئے ساری سیاسی جماعتیں اب ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوئی ہیں۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے خلاف جلدعدم اعتماد کی تحریک لا رہے ہیں۔پیر کے روزجی بی آرڈر 2018کے ممکنہ نفاذ کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آبادکے باہر دھرنادیں گے۔نیشنل پریس کلب اسلام آبادمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گلگت بلتستان کی متحدہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں اپوزیشن لیڈر کیپٹن محمد شفیع، ممبرقانون ساز اسمبلی نواز خان ناجی، جاویدحسین، راجہ جہانزیب خان سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی طرف سے پیش کردہ گلگت بلتستان آئینی اصلاحات 2018کو مسترد کرتے ہیں۔