تائپے(جنگ نیوز) ٹاپ سیڈڈ وینس ولیمز نے تائیوان اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ ادھر عالمی نمبر ون جوڑی مارٹینا ہنگز اور ثانیہ مرزا فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے سینٹ پیٹرسبرگ لیڈیز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گئیں۔تائیوان میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز ایونٹ کے فائنل میں سابق عالمی نمبر ایک امریکا کی وینس ولیمز نے سیکنڈ سیڈڈ جاپان کی مساکی ڈوئی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-4 اور 6-2 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ 35 سالہ ولیمز کا یہ کیریئر کا 48 واں ٹائٹل ہے۔ روس کے شہر سینٹ پیٹرسبرگ میں جاری ویمنز ڈبلز مقابلوں کے دوسرے سیمی فائنل میں ورلڈ نمبر ون سوئٹزرلینڈ کی مارٹینا ہنگز اور بھارت کی ثانیہ مرزا نے تھرڈ سیڈڈ ہسپانوی جوڑی اینابیل میڈنا اور ارینٹیزا پارا کو سخت مقابلے کے بعد 7-5 ، 6-7 اور 10-6 سے ہرایا۔ سوئس انڈو جوڑی کی یہ مسلسل 39 ویں کامیابی ہے۔ فیصلہ کن مقابلے میں سوئس انڈو جوڑی کا مقابلہ روس کی ویرا ڈوشنیوا اور جمہوریہ چیک کی بابورا کریجکووا سے ہو گا۔