سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کہتی ہیں کہ جانتی ہوں مجھ پرریفرنس کیوں قائم کیے گئے، میں نے بدعنوانی نہیں کی، کسی سرکاری عہدے پر نہیں رہی، میرا قصوریہ ہےکہ میں نوازشریف کی بیٹی ہوں، میری رگوں میں نوازشریف کا لہودوڑ رہا ہے۔
مریم نواز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کر رہی تھیں، اس موقع پر ان کے ہمراہ ان کے والد میاں نواز شریف اور دیگر ن لیگی رہنما بھی موجود تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے والد کی طرح جانتی ہوں مجھے اس مقدمے میں کیوں الجھایا گیا، مجھے ریفرنس میں الجھانے کی وجہ میرے والد کے اعصاب پر دباؤ ڈالنا ہے، اپنے باپ کے بیانیے کے ساتھ کھڑی ہوں، منصوبے بنانے والو یاد رکھو نواز شریف کی بیٹی اس کی کمزوری نہیں طاقت ہے۔
مریم نوازکا مزید کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا جو پہلا فیصلہ آیا اس میں میرا کوئی ذکر نہیں تھا، اچانک کیا ہوا کہ جے آئی ٹی نے مجھے بلایا اور سوالات کیے، میرے خلاف کیسز کا مقصد ’سبق سکھانے والا‘ مائنڈ سیٹ ہے، ایک مائنڈ سیٹ ہے جو کہتا ہے آپ کوسبق سکھائیں گے، نوازشریف کو سبق سکھانے کے لیے مجھے کیس میں گھسیٹا گیا۔
انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت میں تین دن میرا بیان ریکارڈ ہوا، 127 سوالات کے جوابات دیے، مجھ سے پوچھا گیا کہ آپ پر مقدمہ کیوں بنایا گیا؟ مقدمہ کیوں بنایا گیا اس کا جواب جو عدالت کو دیا ہے وہ دوبارہ پڑھنا چاہتی ہوں۔
اس کے بعد مریم نواز نے عدالت کو دیا گیا اپنا بیان انگریزی میں پڑھ کر سنایا۔
مریم نواز نے کہا کہ مجھے واٹس ایپ والی جے آئی ٹی میں پیش ہونا پڑا، مجھے کیوں واٹس ایپ والی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونا پڑا؟ 70سے زائد پیشیاں بھگت چکی ہوں ابھی یہ سلسلہ جاری ہے، سب جانتی ہوں، پاکستان کی کسی ماں کسی بیٹی کو اتنی پیشیاں نہیں بھگتنی پڑیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے 70سال بعد فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کیا ،19سال بعد مردم شماری کرائی، نوجوانوں اور بے روزگاروں کے لیے روزگار کے مواقع کھولے، دیوالیہ ہوجانے والی معیشت کو بحال کیا،شہرقائدکراچی کی رونقیں بحال کیں، پاکستان میں جدید شاہراہوں اور موٹرویز کا جال بچھا دیا، ملک کو جدید ترین انفرااسٹرکچر دیا۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے بہت سے جرائم ہوں گے بہت سے گناہ ہوں گے مگر انہوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا،میں پاکستان کی بیٹی ہوں جسےپاکستان بھرمیں تماشا بناکررکھ دیا گیا،میں پاکستان کا سر جھکنے نہیں دوں گی، نہ اپنے باپ اور نہ ہی غیرت مند پاکستانیوں کاسر جھکنے دوں گی۔