اسلام آباد (نمائندہ جنگ)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز احمد سینئر نے کہا ہے کہ غیرملکی ہاکی کوچ رکھنے کا مقصد ہاکی کے کھیل کو فروغ دیناہے ہالینڈ میں قومی ہاکی ٹیم کا 20روزہ کیمپ لگایاجائے گا، میرٹ اورانصاف ہماری مکمل ترجیح ہے ، نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے تمام ڈسٹرکٹ کی ایسوسی ایشن سے تعاون کریں گے۔ یہ بات انہوں نے راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ راولپنڈی ہاکی ایسوسی ایشن کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے اور چند دنوں تک ان کے الیکشن کے نتائج کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا جائے گا اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر غلام یٰسین نے خطاب کرتے ہوئے ہاکی فیڈریشن سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن جلد نوٹیفکیشن جاری کرے تاکہ راولپنڈی کے ہاکی کلبوں اورکھلاڑیوں میں پیداہونے والا ابہام ختم ہوسکے اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرراولپنڈی بابر وحید نے کہا کہ جیسے ہی راولپنڈی ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کا نوٹیفکیشن جاری ہوجائے گا تو ہم انڈر16ہاکی ٹورنامنٹ کاانعقاد کریں گے۔