• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس پاکستان قومی ایئر لائن میں مبینہ بے قاعدگیوں کا نوٹس لیں

برمنگھم (ابرار مغل) چیف جسٹس آف پاکستان قومی ایئر لائن میں مبینہ بے قاعدگیوں اور اوورسیز کے لیے مبینہ ناروا سلوک کا نوٹس لے کر برطانیہ کے مختلف شہروں کے لیے کرایہ تعین کرانے کے ساتھ ساتھ پی آئی اے میں جاری کرپشن کو روکنے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔ بیرون پاکستان کرایوں میں اضافہ اور کلاس سسٹم کے خلاف باقاعدہ پٹیشن بھی پاکستان کے چیف جسٹس کو بھیجی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار سمال ہیتھ کمیونٹی سینٹر میں چوہدری رحمت علی سوسائٹی کے زیراہتمام منعقدہ افطار تقریب سے سوسائٹی کے چیئرمین سید افضال علی شاہ، چوہدری گلفام حسین، سائیں محمد رزاق اور دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے کیا۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ ایک باقاعدہ پٹیشن بھی چیف جسٹس آف پاکستان کو ارسال کی جائے گی، جس میں پی آئی اے حکام، افسران اور متعلقہ اہلکاروں کی مبینہ کرپشن، ناروا اور ظالمانہ سلوک کے بارے میں نوٹس لینے کی درخواست کی جائے گی۔ ہر سال سکول کی چھٹیوں میں بغیر کسی جواز کے کلاس سسٹم کے تحت کرائے بڑھا دیے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے اب لوگ دیگر ممالک میں جانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز سالانہ18بلین ڈالرز سے زائد زرمبادلہ پاکستان بھیج رہے ہیں لیکن ہمارے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ اس تقریب میں سابق لارڈ میئر برمنگھم کونسلر رشید جے پی، بیرسٹر رشید مرزا، چوہدری منظور حسین، حاجی محمد رمضان، الحاج نذیر اعوان جماعتی، چوہدری نفیس گلفام چوہدری مختار احمد، کالا خان، چوہدری خالد، محمد ارشد، محمد اقبال سمیت کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر لفظ پاکستان کے خالق مرحوم چوہدری رحمت علی کے جسدخاکی کو پاکستان منتقل کرنے کے لیے بھی لائحہ عمل طے کیا گیا جبکہ حالیہ لوکل الیکشن میں مسلسل کئی بار کامیابی پر سابق لارڈ میئر کونسلر جے پی رشید کو نیک خواہشات سے نوازا کیا گیا۔
تازہ ترین