اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپریم کورٹ کے باہر عدلیہ مخالف نعرے بازی کے مقدمہ میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا نام شامل کرنے کی درخواست کی سماعت 31مئی تک ملتوی کر دی ہے۔ منگل کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے بشریٰ تسکین نامی خاتون کی درخواست پر سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مریم اورنگزیب نے بطور وزیر اثرورسوخ استعمال کر کے مقدمے میں اپنا نام شامل نہیں ہونے دیا۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو مزید دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 31مئی تک ملتوی کر دی۔ درخواست میں سیکرٹری داخلہ ، آئی جی اسلام آباد ، ایس ایس پی اور مریم اورنگزیب کو فریق بنایا گیا ہے۔