پاکستان میں گزشتہ کئی سالوں سے موسم گرما کی گرما گرمی ’’پوری آب وتاب،، سے جاری ہے،جس کے باعث انسان تو انسان چرند پرند بھی نڈھال ہیں۔چڑیا گھر کی رونق پرندے ہوں یا جانور، سخت گرمی کے باعث ہلکان وپریشان اور پناہ کی تلاش میں مگن نظر آتے ہیں۔گزشتہ برس بھی سخت گرمی کے باعث 1400جانور ہلاک ہوئے۔اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا اور پھر اسے زمین پر اپنا نائب بنا کر بھیجا اورہدایت کی کہ وہ اللہ کی پیدا کی ہوئی دوسری مخلوقات پر رحم اور پیار کرے۔
چنانچہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اس تپتی گرمی میں اللہ کی اس مخلوق کا بھی خیال رکھیں۔جس طرح موسم گرما شروع ہونے سے قبل ہی بطور انسان ہم اپنے لیے حفاظتی تدابیر تلاش کرنے میں سرگرم ہوجاتے ہیں، اسی طرح ان چرند پرند کی حفاظت سے متعلق بھی آگاہ ہوں اورنہ صرف آگاہ ہوں بلکہ ان کا خیال بھی رکھیں ۔ ؟پالتو جانور ہی نہیں ہر اس جانور کا بھی خیال رکھیں جو ہمارے اردگرد موجود ہے۔ تاہم اب سوال یہ اہم ہے کہ اس گرم موسم میں ان چرند پرند کا خیال کیسے رکھا جائے؟تو آئیے جانتے ہیں وہ کون کون سے عوامل ہیں جن کے ذریعے آپ اس مخلوق کو گرمی کی شدت سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
چرند پرند کی پیاس کا خیال رکھیں
اللہ تعالیٰ نے انسان کو پانچ حسیںعطا کی ہیں ،جن کااستعمال کرتے ہوئے وہ اپنی ہر ضرورت پوری کرسکتا ہے۔پیاس بھی ایک ایسی ہی ضرورت ہے جسے بجھانے کے لیے اسی طرح انسان پانی پیتا ہے لیکن جس طرح گرمی میں انسانوں کو پیاس کی طلب زیادہ محسوس ہوتی ہے اس طرح چرند، پرند بھی گرمی کے باعث پیاس سے دو چار رہتے ہیں لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم گرمی کے موسم میں اپنی پیاس بجھانے کے ساتھ ساتھ پرندوںاور جانوروں کی بھی پیاس کا خاص خیال رکھیں اور اپنے آفس، گھروں کی چھتوں پر پیالے یا کسی برتن میں پانی ڈال کر رکھیں۔چونکہ موسم بے حد گرم ہے اس لیے صبح کاڈالا پانی جلد گرم ہوجائے گا ،اس لئے دن میں دو سے تین بار پانی باقاعدگی سے تبدیل کریں اور اس کی صفائی کا بھی خاص خیال رکھیں تاکہ پرندے یا آپ کے اردگرد موجود جانور اس گرم موسم میں پیاس بآسانی بجھا سکیں۔
٭جانوروں کے لیے رکھے گئے پانی میں او آر ایس شامل کریں۔اگر آپ کے گھر میں چھوٹے پول موجود ہیں تو استعمال نہ کرنے کی صورت میں انھیں ڈھک ڈھانپ کر رکھیں کہیں آپ کے پالتو جانور ان میں ڈوب نہ جائیں۔
تازہ خوراک فراہم کریں
٭جانوروں کی خوراک کا بھی موسم گرما میں ایسے ہی خیال رکھا جائے جو بھی کھلائیں انھیں تازہ کھلائیں۔کتوں اور بلیوں کےکھانے میںدہی ،روٹی اور تازہ پانی شامل کریں۔
٭ پرندوں کے لیے تازہ اور صاف ستھرے باجرہ کا انتظام کیا جائے۔
پانی کا چھڑکاؤ کریں
ہم گرم موسم میں زیادہ سے زیادہ نہانے کا شوق رکھتے ہیں تاکہ گرمی کی شدت کو کم کیا جاسکے اور اس کا درجہ حرارت معمول پر لایا جاسکے، جانوروں کے لیے بھی اس بات کو یقینی بنائیں اور اپنے اردگردموجود جانوروں پر دن میں پانی کا چھڑکاؤ کریں خاص طور پر ان کے پاؤں اور سینے پر۔
جانوروں کو گاڑیوں میں نہ چھوڑیں
شاپنگ یا کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں اکثر لوگ جانوروں کو گاڑیوں میں چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔گرم موسم میں اس صورت حال سے گریز کریں ۔
سائبان فراہم کریں
ہم اپنے پالتو جانوروں کے لیے سائبان کی فراہمی کا خاص خیال رکھتے ہیں۔لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ وہ جانور جو پالتو نہیں ہیں، سخت گرم موسم میں انکے لیے دھوپ سے بچنا کتنا مشکل ہوگا ۔چنانچہ، ایسے جانوروں کے لیے اپنے گھر کے اردگرد چھوٹے چھوٹے گھروں کا انتظام کیجیے یہ گھر نہ ہی زیادہ مہنگے ہوتے ہیںنہ ہی انھیںبنانے کے لیے آپ کو زیادہ محنت کی ضرورت پڑتی ہے ۔
بالکنی میں چھتری رکھیں
پرندے اکثر گرم موسم میں سائبان ڈھونڈتے ڈھونڈتے گھر کی بالکنیوں میں پہنچ جاتے ہیںاپنی بالکنی میں پانی اور باجرہ رکھنے کے علاوہ چھتری بھی لازمی رکھیں تاکہ وہ چرند پرند جن کے پاس اس گرم موسم میں کوئی شیلٹر موجود نہ ہو ،وہ اس گرم موسم میں چھتری کے نیچے دھوپ کی مضر شعاعوں سے محفوظ رہ سکیں۔
اسٹارٹ کرنے سے پہلے گاڑی نیچے سے چیک کرلیں
اپنی گاڑی پارکنگ ایریا سے نکالنے اور اسٹارٹ کرنے سے قبل اچھی طرح چیک کرلیں، جانوردھوپ سے بچنےکے لیےاکثر آپ کی گاڑی کے نیچے چھپ کر سوجاتے ہیں، کہیں ایسا نہ ہو آپ کی ذرا سی بے احتیاطی کسی بے قصور کی جان لے لے۔
اپنے گھر کے ارد گرد گھونسلوں کو مت توڑیں
ہم اپنے گھر کے پاس درختوں پر موجود گھونسلوںکو برداشت نہیں کرتے ،اکثر سوچتے ہیں ان سے ہمارے گھر کا ایکسٹیریئر خراب ہونے لگے گا لیکن گرم موسم میں ان گھونسلوں کو توڑنے کے بجائے ان کی حفاظت کریں، یہ پرندےتھوڑے ہی عرصہ کیلئے آپ کے گھر کے اردگرد مہمان ہیں جب ان کا قیام ختم ہوجائے تب ان گھسلوں کو بآسانی جھاڑاجاسکتا ہے۔