• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
 بیلجیئم، دہشت گردانہ حملے کی نئی تفصیلات سامنے آگئیں


بیلجیئم کے شہر لئیج میں منگل کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں ۔

معلوم ہوا ہے کہ حملہ آور 36 سالہ بینجمن ہرمین تھاجس نے لئیج کے علاقے بولیوارڈ رائیو پر واقع ایک اسکول کے سامنے سے گزرنے والی دو خواتین پولیس افسران پر پہلے خنجر سے حملہ کیا اور پھر پولیس کے ہتھیاروں کے ساتھ ہی ان پر فائرنگ کی جبکہ اسی دوران دہشت گرد نے تیسرے شخص کو بھی فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ۔

پولیس نے دونوں ہلاک پولیس افسران کی شناخت ثریا بالقاسمی اور لوسی گارسیا کے نام سے ظاہر کی ہے جبکہ تیسرے مارے جانے والے شخص کا نام سیرل وانگریکن بتایا گیا ہے جس کی عمر 22 سال تھی۔

پولیس پراسیکیوٹر کے مطابق وہ اس کیس پر پولیس سے نفرت ، دہشت گردی، شدت پسندانہ خیالات اور سخت نشے کے زیر اثر ہونے جیسے مختلف پہلوؤں پرتفتیش کر رہے ہیں ۔

اطلاعات کے مطابق کارروائی کے بعد مسلح دہشت گرد ا سکول میں داخل ہوا اور وہاں صفائی کا کام کرنے والی دریفہ نامی خاتون کو یرغمال بنا لیا لیکن بعد ازاں پولیس حملہ آور کو ہلاک کرنے میں کامیاب ہو گئی ۔

ایک مقامی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے یرغمال بنائی جانے والی خاتون داریفہ نے بتایا کہ اس دوران ہی تمام بچوں کو بحفاظت اسکول سے نکال لیا گیا تھا ۔ اس کیس کے حوالے سے پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے ۔

حملہ آور کے بارے میں مزید معلوم ہوا ہے کہ وہ منشیات اور چوری کے الزامات میں پہلے بھی جیل جا چکا تھا۔

تازہ ترین