میرپورخاص (نامہ نگار) میرپورخاص ضلع کے تعلقہ سندھڑی میں گٹکے کے استعمال سے منہ کے کینسر میں مبتلا 24 سالہ نوجوان نارو اذیت ناک صورتحال سے دوچار رہنے کے بعد آخر کار اپنی زندگی کی بازی ہار گیا۔ اس طرح ایک ہفتہ میں گٹکے کےاستعمال سے کینسر کا یہ دوسرا نوجوان موت کا شکار ہوا۔ اطلاعات کے مطابق میرپورخاص شہر کے علاوہ ضلع کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبات میں پان کی کیبنوں،پرچون کی دکانوں ،اور دیگر مقا مات پر بھارتی اسمگلنگ شدہ گٹکا سفینہ،21سو،پان پراک ،ظفری اور دیگر ناموں سےکھلے عام دستیاب ہے،جبکہ بڑے پیمانے پر اسمگلنگ شدہ مختلف برانڈکی غیر ملکی سگر یٹ کا کاروبار بھی کھلے عام چل رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق میرپورخاص شہر کےوسطی علا قے میں واقع ایک مارکیٹ بھارتی گٹکے اور مین پری کی خرید وفروخت کا سب سے بڑا مرکز ہوئی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہناہے کہ مضرصحت گٹکے اور مین پر ی کے استعمال سے نوجوان نسل اور بچوں کے ذہنوں پرمنفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اور اس سے کینسر اوردیگر امراض میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔