پشاور(سٹی رپورٹر) ضلعی انتظامیہ پشاور نے محکمہ صحت کے تعاون سے عالمی نو ٹوبیکو ڈے 2018 کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی صدارت میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان، پروجیکٹ کوآرڈینیٹر محمد اجمل خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر/فوکل پرسن ہمایون خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عرفان علی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر فضل الرحیم، اور دیگر نے شرکت کی۔ پروجیکٹ دائریکٹر نے شرکاء کو اب تک کئے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے عوامی آگاہی مہم سے لے کر قانون کے نفاذ تک عوام کی صحت کیلئے موثر اقدامات کئے ۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے اس موقع پر میڈیا نمائندوں اور شرکاء پر زور دیا کہ وہ اس اہم مسئلے کیلئے ملکر کام کریں۔ انھوں نے کہا کہ ضلع پشاور میں اٹھارہ سال سے کم عمر افراد کو تمباکو مصنوعات کی فروخت کو سختی کے ساتھ چیک کیا جا رہا ہے اور محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم ایک مہینے کے اندر رپورٹ پیش کرے کہ کن کن تعلیمی اداروں کے پچاس میٹر کے احاطے میں تمباکو مصنوعات بیچی جا رہی ہیں اور کن دکانوں میں قانون کی خلاف ورزی کی جاتی ہے۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے ہدایت جاری کیں کہ عوامی مقامات اورپبلک ٹرانسپورٹ میں قانون کے تحت واضح طور پر لکھا جائے کہ یہاں تمباکو نوشی کی اجازت نہیں ہے۔