• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ہائے میری انگوٹھیاں

ایک خبر کے مطابق ایک نیلامی میں ویمپائر، وولف اور انسانوں کے درمیان رشتے پر بنائی گئی رومانوی ہولی وڈ فلم 'ٹوائلائیٹ (Twilight)  کے ایک مداح نے اس فلم کے مرکزی کردار ایزا بیلا سوان کی جانب سے پہنی گئی انگوٹھی کو خریدنے کے لیے بڑی رقم دے ڈالی یعنی اس انگوٹھی کو پورے 16 ہزار 800 ڈالر میں حاصل کیا، جو پاکستانی کرنسی کے حساب سے 17 لاکھ روپے سے زائد بنتے ہیں۔اس نیلامی کے دوران مقبول ہولی وڈ فلموں سے 900 سازو سامان کی نمائش کی گئی، جن میں 'ٹوائلائیٹ فلم میں استعمال کی گئی مزید چیزیں بھی شامل تھیں۔واضح رہے کہ فلم 'ٹوائلائیٹ کے 5 حصے ریلیز کیے گئے تھے، یہ ایک ناول پر مبنی فلم تھی جسے شائقین نے بے حد پسند کیا۔اس فلم میں ہولی وڈ اداکارہ کرسٹن ا سٹیورٹ اور اساکار روبرٹ پیٹنسن نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

یہ تو خیر ایک فین کی دیوانگی تھی، لیکن سوال یہ پیدا ہوتاہے کہ ملین ڈالرز کمانے والی ہولی ووڈ کی ملکائیں اپنی مخروطی انگلیوں میں کتنی مہنگی انگوٹھیاں پہنتی ہیں، اس کا جواب معلوم ہونے پر آپ کے ہوش اڑ جائیںگے، لیکن پہلے ذرا بات کرلیں بولی ووڈ کی،

1994 میں مس ورلڈ کا ٹائٹل جیتنے والی ایشوریا رائے کی شہر ت میں بچن فیملی کی بہو ہونے کی وجہ سے بھی اضافہ ہوا جب کہ ان کے شوہر ابھیشک بچن نے انہیں 53 کریٹ ہیرے کی انگوٹھی دے کر سب کو حیران کردیا تھا۔شلپا شیٹھی کوان کے ارب پتی شوہر نے انہیں نہ صرف دبئی کی سب سے اونچی عمارت برج خلیفہ میں اپارٹنمنٹ تحفے میں دیا بلکہ 3 کروڑ کی انگوٹھی بھی دی۔بیبو کے نام سے مشہور کرینہ کپور کو ان کے شوہر اور بھارت میں چھوٹے نواب کے نام سے مشہور سیف علی خان نے انہیں 5 کیریٹ کی پلاٹینیم ڈائمنڈ رنگ تحفے میں دی تھی۔

ہولی ووڈ کی بات کی جائے تو کچھ اداکارائوں کی منگنی کی انگوٹھیاں اتنی مہنگی ہیں کہ کئی چھوٹے ملکوں کے قرضے اتر جائیں ، آئیں دیکھیں کون کیا پہن رہا ہے؟

میگھن مارکل

قیمت : 350000ڈالر

قیراط : 4 سے 4.5

میگھن مارکل سلور اسکرین کو خیر آباد کہہ کر پرنس ہیر ی کے نام کی انگوٹھی پہن چکی ہیں ۔پرنس ہیری کی ڈیزائن کردہ اس انگوٹھی کے مرکز میں لگاتین قیراط کاہیرا بوٹسوانا سے منگوایا گیا تھا ۔ اس کے ارد گرد لگے دو ہیرے 0.5 اور 0.75 قیراط کے ہیں جو ہیری کی والدہ مرحومہ شہزادی ڈیانا کی کلیکشن سے لیے گئے ہیں ۔

ملیانا ٹرمپ

قیمت: 1.5 ملین ڈالر

قیراط : 15

امریکہ کی موجودہ خاتون اوّل ملیانا 2004 کے میٹ گالا کے ریڈ کارپٹ میں ٹرمپ کی تیسری بیو ی بننے کی حقدار ٹھہریں جب انہیں ڈونلڈ ٹرمپ نے 15 قیراط کی ڈائمنڈ رنگ پیش کی جس کے بارے میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوںنے یہ انگوٹھی ڈسکائونٹ میں خریدی تھی۔

کیٹ میڈلٹن

قیمت : 500000 ڈالر

قیراط : 12

طویل عرصے سے پرنس ولیم کا دل دھڑکانے والی اس کی کالج فیلو جب اکتوبر 2010 میں مائونٹ کینیا کے قریبی افریقن سفاری میں چھٹیاںگزار کر واپس آئی تو اس وقت پرنس ولیم نے کیٹ کو پروپوز کرنے کا ارادہ کیا اور اسے 12 قیراط کے بیضوی نیلگوں ہیرے سے بنی انگوٹھی پیش کی جس کے چاروں طرف 14 ہیرے لگے ہوئے تھے۔ یہ انگوٹھی ولیم کی مرحومہ ماں لیڈی ڈیانا کی تھی۔ یہ انگوٹھی شہزادہ چارلس نے 1971 میں 47 ہزار ڈالر میں خریدی تھی جس کی قیمت بڑھتے بڑھتے آج 5 لاکھ ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔

جینیفر لوپز

قیمت : 2.5 ملین ڈالر

قیراط : 6

بین ایفلیک نے جینیفر لوپز کو 6 قیراط کے عنابی ہیرے کے ساتھ پروپوز کیا تھا لیکن دونوں کی جوڑی 2004 میں ٹوٹ گئی اور جینیفر نے وہ انگوٹھی بین کو واپس کردی۔ جینیفر آج کل بیس بال اسٹار الیکس روڈزیگر کے ساتھ پینگیں بڑھا رہی ہے ، ہوسکتاہے وہ اسے بین سے بھی زیادہ مہنگی انگوٹھی پہنا دے۔

کم کرڈیشیان

قیمت : 4.5 ملین ڈالر

قیراط : 20

مشہور برانڈ سے بڑی ڈیل کا جشن منانے کیلئے مشہور سنگر کنیا ویسٹ نے اپنی بیگم کم کرڈیشیان کو نیوبرانڈ 20 قیراط ہیرے کی انگوٹھی دینے کا فیصلہ کیا تھا جس پر کمپنی کا نام بھی کندہ تھا۔ بدقسمتی سے کم یہ انگوٹھی ایک مہینے سے زیادہ نہیں پہن سکی اور ان تمام زیورات کے ساتھ ان ڈاکوئوں کے پاس چلی گئی جنہوں نے کم کو پیرس میں گن پوائنٹ پر لُوٹا تھا۔ ان زیورات کی کل قیمت 6 ملین ڈالر یعنی پاکستانی روپوں میں تقریباََ 70 کروڑ بنتی ہے۔

بیونسے

قیمت : 5 ملین ڈالر

قیراط : 18

بیونسے کی 18 قیراط کی ایمرلڈ کٹ ڈائمنڈ رِنگ کم کرڈیشیان کی انگوٹھی سے چھوٹی لیکن مہنگی ہے۔ ابھی تو پتہ نہیں کہ بیونسے کس کے ساتھ نباہ کررہی ہے لیکن اسے 2007 میں جے زی نے پروپوز کیا تھااورکوئن بے کی یہ انگوٹھی بیونسے کو میٹ گالا کے ریڈ کارپٹ پر پہنائی گئی تھی۔

ماریہ کیرے

قیمت : 10 ملین ڈالر

قیراط : 35

جیراڈ پیکر نے ماریہ کیرے کو یہ انگوٹھی صرف چند ماہ کی رفاقت میں ہی پہنا دی تھی ۔ سب سے بڑے ہیرے کی بنی یہ انگوٹھی ماریہ کو بھاری لگتی تھی لیکن منگنی ٹوٹ جانے کے بعد بھی ماریہ کیرے یہ بھاری بھرکم انگوٹھی پہنے ہوئے ہیں۔ 

تازہ ترین