لاہور(خبر نگار خصوصی) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے قصور میں عدلیہ مخالف ریلی نکالنے والے ملزمان ناصر خان اور جمیل خان کے اہل خانہ کی طرف سے ’’ہم شرمندہ ہیں‘‘معاف کیا جائے کی اپیل منظور کرتے ہوئے ناصر خان اور جمیل خان کو معاف کردیا۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے رات گئے مفاد عامہ کے مقدمات کی درخواستوں پر سماعت کی۔ قبل ازیں قصور عدلیہ مخالف ریلی نکالنے والے ملزمان ناصر خان اور جمیل خان کی والدہ اور بچے عدالت میں پیش ہوئے اور چیف جسٹس سے معافی کی اپیل کی۔ملزمان کے اہلخانہ نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر’’چیف جسٹس زندہ باد‘‘اور’’ چیف جسٹس ہم مشرمندہ ہیں ‘‘کے نعرے درج تھے۔ملزمان کے اہل خانہ نے عدالت کے روبرو رو رو کر موقف اختیار کیا کہ ناصر خان اور جمیل خان سے انجانے میں غلطی ہوئی انہیں معاف کر دیں۔وہ اس پر شرمندہ ہیں، چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ میں نے کیا کیا ہے جس پر عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے اور ہائیکورٹ میں تین رکنی بنچ توہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت کر رہا ہے اور ملزمان اس وقت پولیس کی تحویل میں ہیں ۔چیف جسٹس پاکستان نے ملزمان ناصر خان اور جمیل خان کے اہل خانہ کی معافی کی استدعا منظور کرتے ہوئے ناصر خان اور جمیل خان کی حد تک مقدمہ واپس اور توہین عدالت کی کارروائی ختم کرنے کا حکم دے دیا۔