• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نگراں وزیر اعلیٰ فضل الرحمان اپنی غیر جانبداری ثابت کریں،ایاز پلیجو

حیدرآباد(بیورو رپورٹ) گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے سیکریٹری جنرل ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ 2013ءمیں زاہد قربان علوی نے الیکشن کا جو حال کیا وہ سب کے سامنے ہے‘ نگراں وزیر اعلیٰ سندھ فضل الرحمان اپنی غیر جانبداری ثابت کریں‘ نگراں سیٹ اپ کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ اور اپوزیشن لیڈر کو تمام جماعتوں سے مشاورت کرنا چاہئے تھی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی باتوں اور تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے اُمید کرتے ہیں کہ فضل الرحمان غیر جانبدار نظر آئیں‘ جی ڈی اے الیکشن کا بروقت انعقاد چاہتا ہے‘انتخابات میں حصہ لینے والے اُمیدواروں کو اپنی تمام تفصیلات عوام کے سامنے رکھنی چاہئے تھیں‘ عدالتی فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کا فرض بنتا ہے کہ کاغذات نامزدگی فارم کی دستیابی یقینی بنائی جائے‘ وہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ جی ڈی اے الیکشن کا بروقت انعقاد چاہتا ہے تاکہ عوام کو ووٹ کے استعمال کا اختیار ملے اور وہ بغیر کسی دباؤ کے اپنے ووٹ کا حق استعمال کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور پارلیمنٹ کو پہلے ہی تمام باتوں کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہئے تھا‘ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو اپنی تمام تفصیلات عوام کے سامنے رکھنی چاہئے تھی‘ عدالتی حکم آنے کے بعد الیکشن کمیشن کا فرض بنتا ہے کہ کاغذات نامزدگی فارم کی دستیابی یقینی بنائے تاکہ الیکشن 25 جولائی کو بروقت ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے نے ٹکٹ کے خواہش مند افراد سے کہا ہے کہ وہ اپنے کاغذات نامزدگی کراچی بھجوادیں تاکہ پارلیمانی بورڈ ٹکٹوں کا معاملہ فائنل کرلے‘ جی ڈی اے قومی عوامی تحریک‘ فنکشنل لیگ‘ پیپلز پارٹی ورکرز اور دیگر جماعتوں پر مشتمل ہے‘ جی ڈی اے کو 85 سے زائد درخواستیں وصول ہوچکی ہیں۔ ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ مختلف اضلاع کے لوگ پیر پگارا سے ملاقات کرکے جی ڈی اے کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنے کی خواہش کا اظہار کررہے ہیں۔
تازہ ترین