حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سندھ یونائٹیڈ پارٹی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں‘ جھوٹے انتخابی نعرے لگا کر عوام کے ساتھ کھیل کھیلا جارہا ہے‘ سندھ میں نگراں حکومت کے لئے متنازعہ افراد کو مقرر کیا گیا ہے‘وہ قاسم آباد کے مقامی ہال میں افطار ڈنر کے موقع پر شرکاء سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ سید جلال محمود شاہ کا کہنا تھا کہ جمہوریت معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کا نام ہے‘ بدقسمتی سے ہمارے یہاں ترقی انتہائی سست روی کا شکار ہے‘ ترقی اور خوشحالی کسی فرد کے لئے نہیں بلکہ اجتماعی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نئی مردم شماری کے مطابق سندھ کی شہری آبادی زیادہ ہے‘ اب ہمیں بھی دیہی نہیں بلکہ شہری بننا ہے‘ سندھ کی ترقی کا مستقبل حیدرآباد سے ہے‘ ترقی اور خوشحالی کسی ایک فرد کے لئے نہیں بلکہ اجتماعی ہونی چاہئے۔ سید جلال محمود شاہ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں‘ جھوٹے انتخابی نعرے لگاکر عوام کے ساتھ کھیل کھیلا جارہا ہے‘ علیحدہ صوبہ بنانے سے ترقی کا کوئی تعلق نہیں ہے‘ اچھی حکمرانی ہی ترقی کا باعث بنتی ہے‘ ہمارے حکمرانوں کی نیت اقتدار میں آکر لوٹ مار کرنے کی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں نگراں حکومت کے لئے متنازعہ افراد کو مقرر کیا گیا ہے۔