نوابشاہ( محمد انور شیخ/بیورو رپورٹ)تین سو بستروں پر مشتمل "مدر اینڈ چائیلڈ کیئر " علاج معالجے کے لئے کھول دیا گیا ہے ۔اسپتال سے اندرون سندھ کے ہزاروں مریض روزانہ استفادہ کرینگے پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت اسپتال کو چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے حوالے کیا گیا ہے میڈیکل سپریٹنڈنٹ پیپلز میڈیکل اسپتال ڈاکٹر مظفر چانڈیو نے جنگ کو بتایا کہ ایک ارب روپے کی لاگت سے قاضی احمد روڈ پر تین سو بستر پر مشتمل ماں اور بچے کی صحت کا یہ اسپتال تعمیر کیا گیا تھا تاہم اسپتال کا کام مکمل ہونے کے باوجود معمولی فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث یہ عوامی بھلائی کا منصوبہ ادھورا پڑا تھا انہوں نے کہا کہ تین ماہ قبل بطو ر ایم ایس تعیناتی کے بعد اس اسپتال کے فنڈز کا جو کہ قاضی احمد روڈ پر بنایا گیا ہے اجراء کرایا اور اب یہ اسپتال فنکشنل کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس اسپتال میں بچوں کی سرجری کیلئے ڈیڑھ سو اور گائنی وارڈ کیلئے ڈیڑھ سو بیڈ مختص کئے گئے ہیں ۔ایم ایس مظفر چانڈیو نے کہا کہ اس اسپتال کے فنکشنل ہونے سے سندھ کے دور درازاضلاع میں زچگی کے دوران ماں اور بچے کی شرح اموات جو کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے اس میں کمی آئے گی انہوں نے کہا کہ اس اسپتال کا پورا نظام کمپیوٹرائزڈ کیا گیا ہے اور مریض کے اسپتال داخلہ اور فارغ کئے جانے تک کا ریکارڈ مریض کو سی ڈی یا موبائل کے ذریعے دیا جائے گا تاکہ دوبارہ علاج کی صورت میں اس کا پورا ڈیٹا محفوظ ہوسکے ۔