کراچی (این این آئی) گھوٹکی کے مہرسرداروں کے مابین آئندہ انتخابات کے لیے متفقہ لائحہ عمل طے نہ ہونے پرمہرخاندان سیاسی طورپردوحصوں میں تقسیم ہوگیا ہے۔ سابق صوبائی وزیراسپورٹس سردارمحمد بخش مہر نے تیرکے نشان پرالیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ہے اوربلاول بھٹو کو گھوٹکی میں جلسہ کرنے کی دعوت بھی دے دی ہے۔ مہرخاندان کے اہم رکن سردارمحمد بخش مہرنے بلاول ہاؤس میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اورآئندہ انتخابات پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے لڑنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بلاول بھٹو کودعوت دی کہ وہ گھوٹکی میں عوامی جلسہ عام سے خطاب بھی کریں۔ بلاول بھٹو نے ان کی دعوت قبول کرتے ہوئے جلسہ میں شرکت کی حامی بھرلی ۔واضح رہے کہ سردارعلی گوہرخان مہر اس وقت گرینڈ ڈیموکریٹک الا ئنس سندھ کا حصہ بن چکے ہیں۔ اس طرح گھوٹکی میں مہرخاندان سیاسی طورپردوحصوں میں بٹ گیا ہے۔