• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تھر ہو یا نواب شاہ، گرمی سے روزے دار بے حال

ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی موسم گرم اور خشک ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے وسطی اور جنوبی اور سندھ کے اکثر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔

نواب شاہ میں سخت گرمی اور لُو کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی ہے ،تھرپارکر کے تمام علاقوں میں شدید گرمی کے طویل سلسلے اور بڑھتی خشک سالی سے لوگ اذیت کا شکار ہیں۔

خیبرپختونخوا میں آئندہ 24سے 48گھنٹوں کے دوران موسم گرم و خشک رہنے کا امکان ہے، میدانی اورجنوبی اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔

محکمہ موسمیات خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے میں آئیندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا، سب سے زیادہ گرمی جنوبی اضلاع میں پڑ رہی ہے جہاں ڈیرہ اسماعیل خان اورٹانک میں پارا 47 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

بنوں اور لکی مروت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔

میدانی اضلاع میں پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔

تھر ہو یا نواب شاہ، گرمی سے روزے دار بے حال

مردان اور صوابی میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

سرگودھا میں گرمی کی شدت اپنے عروج پر ہے، عید کی شاپنگ کرنے والےدن کی گرمی میں شاپنگ کرنے کے بجائے رات کے وقت عید کی شاپنگ کو ترجیح دے رہے ہیں۔

تھرپارکر کے تمام علاقوں میں شدید گرمی اور خشک سالی میں اضافہ ہوا ہے، چوڑیو سے لیکر نوکوٹ تک تھر پارکر کے سنگلاخ پہاڑوں میں آباد بستیاں ہوں یا صحرائے تھر کی وادیوں کے دیہات گرمی نے سب کو ہی جھلسا کر رکھ دیا ہے، اب چرند ہوں یا پرند سب چھائوں کی تلاش میں ہیں اورانسان بھی سائے کی جستجو میں دکھائی دیتے ہیں۔

صحرا میں پڑنے والی شدید اور طویل گرمی سے سسکتی زندگی پر ایک بڑا ظلم یہ بھی ہوا ہے کہ پانی ناپید ہونے لگا ہے، پانی اب اتنا نایاب ہوتا جا رہا ہے کہ قہر کی گرمی کے باوجود اس کی تلاش مجبوری بن چکی ہے۔

صحرا میں گرمی کی اذیت برداشت کرنے والے مکینوں کا کہنا ہے کہ حکومت اور انتظامیہ نے انہیں حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ۔

ادھر سکھر کے شہری دریائے سندھ کے کنارے آباد ہونے کے باوجود رمضان المبارک جیسے بابرکت مہینے میں بھی شدید گرم موسم میں پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔

تازہ ترین