ایشین باکسنگ چیمپئن شپ کیلئے قومی کھلاڑیوں کی تربیت کی غرض سے کیمپ کا ابھی تک فیصلہ نہیں ہوسکا۔ عامر خان یا کسی نے بھی باکسنگ لیگ کیلئے این او سی نہیں مانگا اور نہ ہم نے جاری کیا ہے، آئبا کے رولز کے مطابق کام کررہے ہیں، باکسنگ کی بہتری کیلئے جو بھی کام کرے گا اس کو سپورٹ کریں گے۔
جنگ سے باتیں کرتے ہوئے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ناصر ٹنگ نے کہا کہ اس وقت ساری توجہ ایشین گیمز پر مرکوز کی ہوئی ہیں۔ پی ایس بی سے اگلی میٹنگ چھ جون کو ہے جس میں تربیتی کیمپ کے بارے میں فیصلہ ہوگا۔
ہم نے پندرہ دن قبل ایشین گیمز کیلئے کیمپ لگانے کی درخواست دی تھی لیکن کیمپ کا ابھی تک طے نہیں ہوا۔ تمام کھلاڑی اپنے اپنے شہروں میں ٹریننگ لے رہے ہیں لیکن ہم ان سب کو کیمپ میں کھلاڑیوں کو بلائیں گے اور وہیں ان کے ٹرائلز لیکر ٹیم کا اعلان کریں گے۔
باکسنگ لیگ کے حوالے سے سوال کے جواب میں ناصر تنگ کا کہنا تھاکہ عامر خان نے لیگ کروانے کیلئے فیڈریشن کو کوئی درخواست نہیں دی، جب درخواست ہی نہیں آئی تو این او سی کیسے جاری کر سکتے ہیں ان کی یا کسی اور کی جانب سے باکسنگ لیگ کروانے کیلئے این او سی جاری کرنے کی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔
اگر کوئی بھی ادارہ یا شخص اپنے طور پر باکسنگ لیگ کراتا ہے تو ان کے کسی بھی عمل یا نقصان کی فیڈریشن ذمہ دار نہیں ہو گی۔ فیڈریشن آئبا کو مانتی ہے اور اسی کے رولز کے مطابق اپنی سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں جو بھی غیرقانونی باکسنگ یا اس طرح کی دیگر سرگرمیاں ہوں گی انہیں کسی قسم کی سپورٹ نہیں کریں گے۔
ہمارا کام پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے تحت ایونٹس کا انعقاد اور ان کی دیکھ بھال ہے اپنے کھلاڑیوں کا فیوچر کو محفوظ بنائیں گے۔ اپنے نام کو کسی کو استعمال نہیں کرنے دیں گے۔