کہتے ہیں کہ جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں۔ لیکن کیا زمین پر جوڑ بنانے سے پہلے ستاروں کے علم کی روشنی میں ان جوڑوں کی ایک دوسرے کے لیے مطابقت، مناسبت اور موزونیت پرکوئی غور کرتا ہے؟ مثلاً، برج میزان کی حامل گوری اور عقرب شاہ رُخ خان کو ایک ’پکچر پرفیکٹ‘ فیملی کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ تاہم اگر ستاروں کی روشنی میں ان کی ازدواجی زندگی کا جائزہ لیا جائے تو انھیں کئی مواقع پر ایسی صورتِ حال درپیش آتی ہوگی، جس پر قابو پانا ان کے لیے کافی چیلنجنگ ثابت ہوتا ہوگا۔
ان کے برعکس، سونم کپور ( اب سونم کے آہوجا بن چکی ہیں)برج جوزا کے تابع ہیں اور آنند آہوجا کا برج اسد ہے۔ ستاروں کی روشنی میں ان دونوں کا رشتہ کافی دوستانہ ثابت ہوگا، کیوں کہ دونوں کے ستارے ایک دوسرے کے لیے موافق ہیں۔عقرب ایشوریہ رائے اور دلو ابھیشک بچن، دونوں کا پیار بھرا رشتہ جذبات سے بھی بھرپور ہے۔ جدی ٹوئنکل کھنہ اور سنبلہ اکشے کمار، دونوں ایک دوسرے کی رفتار کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اور اسی کے مطابق چلتے ہیں۔
سرطان رنویر سنگھ، خیال رکھنے اور پیار کرنے والی اپنی طبیعت کے باعث جدی دیپیکا پڈوکون کو خوش رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کا تعلق مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھتا چلا جارہا ہے۔
بالی ووڈ کے چند معروف جوڑوں کے ازدواجی تعلق کے بارے میں ان کے ستارے کیا کہتے ہیں، آئیے جانتے ہیں۔
ٹوئنکل اور اکشے کمار
ٹوئنکل کی تاریخ پیدائش29دسمبر، برج جدی
اکشے کی تاریخ پیدائش 9ستمبر، برج سنبلہ
ٹوئنکل اور اکشے دونوں کا عنصر زمین ہے اور دونوں ایک دوسرے کی رفتار کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ جدی اور سنبلہ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ دونوں ایک رشتہ کی بنیاد عزت، اعتماد اور باہمی سمجھداری پر قائم کرتے ہیں، اسے مضبوط بناتے ہیں اور اس سے سیکھتے ہیں۔
جب ان دو برجوں سے تعلق رکھنے والے فرد ایک دوسرے سے ملتے ہیں تو پھر ’پرفیکشن‘ کی تلاش وہیں ختم ہوجاتی ہے۔ یہ دونوں ایک دوسرے کو اچھا خاصا وقت دیتے ہیں اور ایک دوسرے کو سنتے ہیں۔ٹوئنکل کی اعتدال پسندی نے اکشے کی زندگی کو استحکام بخشا ہے، جس سے اس کا کیریئر گراف بھی بلند ہوا ہے۔
سونم اور آنند آہوجا
سونم کی تاریخ پیدائش9جون، برج جوزا
آنند کی تاریخ پیدائش 30جولائی، برج اسد
جوزا اور اسد کا رشتہ اس قدر دلچسپی اور مزاح سے بھرپور ہوتا ہے کہ دیکھنے والے رشک کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔سونم اور آنند کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک نظر ڈالنے سے اس بات کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
چاہے نیویارک کی سڑکوں پر سیلفی لے رہے ہوں یا لندن میں شادی کی کسی مہنگی تقریب میں شریک ہوں، ان کے دن اور راتیں مُسکراہٹوں سے بھرپور ہوتی ہیں۔ اس کی وجہ ان کی مضبوط اور گہری دوستی کو قرار دینا چاہیے، جس کی بنیاد پر وہ زندگی ساتھ گزارنے کے فیصلے پر پہنچے ہیں۔
ایشوریہ اور ابھیشک بچن
ایشوریہ کی تاریخ پیدائش یکم نومبر، برج عقرب
ابھیشک کی تاریخ پیدائش5فروری، برج دلو
ہرچند کہ برج عقرب سے تعلق رکھنے والے افراد زیادہ دوستانہ مزاج نہیں رکھتے، تاہم وہ دلو میں اپنائیت محسوس کرتے ہیں۔ اس رشتے میں ایشوریہ کا کردار ’باس‘ والا ہے اور دلو ابھیشک بچن کو اس پر کوئی اعتراض نہیں، کیوں کہ وہ ایشوریہ کے اس انداز میں پیار جتانے کو پسند کرتا ہے۔
کہاجاتا ہے کہ ان دو برجوں سے تعلق رکھنے والے جوڑے اپنے ماضی کو بھی ساتھ لاتے ہیں، تاہم ایشوریہ اور ابھیشک کو دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ دونوں اپنے اپنے ماضی کو کامیابی کے ساتھ بھلا چکے ہیں۔
انوشکا اور ویرات کوہلی
انوشکا کی تاریخ پیدائش یکم مئی، برج ثور
ویرات کوہلی کی تاریخ پیدائش، برج عقرب
برج ثور اور عقرب، دونوں جسمانی لذت اور جذباتی لگاؤسے بھرپور لطف اندوز ہوتے ہیں اور یہی بات ان کے تعلق کو ایک قوت کی طرح جوڑے رکھتی ہے۔ اس سے ایک خدشہ یہ پیدا ہوسکتا ہے کہ وہ ایک دوسرے کو اپنی ’ملکیت‘ سمجھنے لگیں۔
یہ صورت حال خصوصاً انوشکا جیسی خود مختار عورت کے لیے بہت چیلنجنگ ثابت ہوسکتی ہے۔ برج ثور سے تعلق رکھنے والے افراد (انوشکا) فیملی کو پسند کرتے ہیں، تاہم عقرب (ویرات) کو اس نتیجے پر پہنچنے میں وقت درکار ہوتا ہے کہ وہ جو چاہتا ہے کیا یہ ’وہی‘ ہے۔اچھی بات یہ ہے کہ دونوں نے ایک دوسرے کو سمجھنے اور باقی کی زندگی ساتھ گزارنے کے فیصلے پر پہنچنے سے پہلے کافی سوچ بچار کیا ہے۔
گوری اور شاہ رخ خان
گوری کی تاریخ پیدائش8اکتوبر، برج میزان
شاہ رخ کی تاریخ پیدائش 2نومبر، برج عقرب
اگر ستاروں کے نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو میزان اور عقرب کا رشتہ کوئی آسان نہیں۔ میزان اور عقرب، ایک دوسرے کے منفی پہلو سامنے لاکر ہر وقت ایک دوسرے کو پرکھنے کی کوشش میں مصروف رہتے ہیں۔
عقرب (شاہ رخ) کی شخصیت کا گہرا اور انتہائی جذباتی پہلو ، متوازن شخصیت کی مالک میزان عورت (گوری) کے لیے بہت غیرعملی ہوتا ہے۔