لاہور (نمائندہ جنگ/جنگ نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ صرف فصلی بٹیروں نے پارٹی چھوڑی، دو روز میں انکا جنوبی پنجاب کا نعرہ بھی دم توڑ گیاہے، شہبازشریف نے ریکارڈ ترقیاتی کام کیے، ن لیگ پنجاب کی نمبرون جماعت بن گئی ہے۔ وہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں مسلم لیگ کے صدر شہباز شریف نے بھی خطاب کیا۔ پارلیمانی بورڈ میں لاہور سے مسلم لیگی امیدواروں کے انٹرویو ہوئے خود شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز بھی بطور امیدوار پیش ہوئے۔ نواز شریف نے امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام سروے رپورٹس اس بات کی اطلاع دے رہی ہیں کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب کی نمبر ون جماعت ہے، دوسرے نمبر کی جماعت تحریک انصاف بہت پیچھے ہے، پنجاب میں نمبر دو اور ایک کا فرق 50فیصد ہے، ہم ان سے بہت آگے ہیں، اس کے علاوہ قومی سطح پر بھی ہماری پارٹی آ گے ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ پہلے یہ پراپیگنڈہ کیا گیا کہ جیسے ہی نگراں حکومت آئیگی مسلم لیگ (ن) کے ارکان اس پارٹی کو چھوڑ کر چلے جائینگے، آپ نے دیکھا کہ نگراں آگئے ہیں لیکن ہمیں کوئی چھوڑ کر نہیں گیا۔ کہا جا رہا تھا کہ جانے والوں کی قطاریں لگ جائیں گی، میں نے تو کوئی قطار نہیں دیکھی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کا نعرے لگانے والے فصلی بٹیرے تھے، دو روز میں ان کا جنوبی پنجاب کا نعرہ دم توڑ گیا اور وہ تحریک انصاف میں چلے گئے، اب معلوم ہوتا ہے کہ وہاں وہ خود کو ٹھیک محسوس نہیں کر رہے۔ نواز شریف نے کہا کہ ہم نے پانچ سال پورے خلوص جذبے اور تندہی سے ملک اور اس کے عوام کے لئے کام کیا، عوام کو سب معلوم ہے، وہ سب اچھی طرح جانتے ہیں۔ انہوں نے جذباتی ہو کر کہا کہ اگر خلوص کا یہ صلہ ہے تو میں کیا کہہ سکتا ہوں لیکن آج میں یہ آپ کو کہتا ہوں کہ پریشانی کا دور گزر جائیگا، یہ وقت بہتری میں تبدیل ہو جائیگا، امیدواروں کو اپنے حلقوں کی پوزیشن کا اچھی طرح علم ہے، ووٹر ہماری طرف راغب ہے، اگر دبائو ہے تو امید کی کرن بھی ہے، ہم نے جو کام کئے ہیں لوگ اس کو سراہتے اور تسلیم کرتے اس میں گھوڑا گدھا ایک ہی ترازو میں نہیں تولے جا سکتے۔